وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں میں جدید اور معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور لاہو رنالج پارک کے منصوبے کے حوالے سے مختلف امور پر ہونے والی پیش رفت پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں اور کالجوں میں زیرتعلیم طلبا و طالبات
کیلئے غیرملکی پروفیسرز کے آن لائن لیکچرز کا پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غیرملکی پروفیسرز کے
آن لائن لیکچرز سے طلبا و طالبات کو جدید اور معیاری علم سے آراستہ کرنے میں مدد
ملے گی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس ضمن میں جلد حتمی پلان مرتب کرکے اس پر فوری
طور پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہو ں نے کہا کہ غیرملکی پروفیسرز کے آن لائن لیکچرز کے
پروگرام کا پائلٹ پراجیکٹ فی الفور شروع کیا جائے گا اور اس پروگرام کو مرحلہ وار
وسعت دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے قابل عمل سفارشات
مرتب کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام کا مقصد سرکاری یونیورسٹیوں اور
کالجو ں میں اعلیٰ تعلیم کے معیار کو خوب سے خوب تر بنانا ہے اور طلبا و طالبات کو
آن لیکچرز سے بے پناہ مدد ملے گی اور ان کے علم میں اضافہ ہوگا۔ پنجاب حکومت سرکاری
یونیورسٹیوں اور کالجوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ہر طرح کے وسائل فراہم کرے
گی۔انہوں نے کہا کہ ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ کا فروغ وقت کا اہم تقاضا ہے لہٰذا ریسرچ
اینڈ ڈویلپمنٹ کے فروغ کیلئے بھی جامع تجاویز تیار کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اٹلی
کی معروف درسگاہوں کی جانب سے لاہو رنالج پارک کے منصوبے میں اپنے بین الاقوامی
کیمپسز کے قیام میں دلچسپی کا اظہار خوش آئند ہے۔اطالوی درسگاہوں کے بین الاقوامی
کیمپسز کے قیام کیلئے ضروری امور جلد سے جلد طے کئے جائیں اور اس ضمن میں فوری طور
پر پیش رفت کی جائے اور سنجیدگی کے ساتھ آگے بڑھا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سرکاری
یونیورسٹیوں اور کالجوں میں جدید و معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے روایتی طریقہ کار سے
ہٹ کر انفرادیت اور جدت سے آگے بڑھنا ہوگا۔ہم سب نے مل کر اعلیٰ تعلیم کے معیار کو
بین الاقوامی تقاضوں کے مطابق بنانا ہے جس کیلئے پیشہ ورانہ انداز میں کام کرنے کی
ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوان روشن پاکستان کی امید ہیں اورنوجوانو ں کو
زیادہ سے زیادہ بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ اسی مقصد کے پیش
نظر نوجوانوں کو جدید علوم سے روشناس کرانے کیلئے لاہور نالج پارک کا منصوبہ بنایا
گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور نالج پارک میں پنجاب حکومت انفارمیشن ٹیکنالوجی
یونیورسٹی کا کیمپس بنا رہی ہے اورانفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کا منصوبہ 2018 کے
آغاز میں مکمل ہو جائے گا۔ لاہور نالج پارک کمپنی کی اکیڈمک کمیٹی کے چیئرمین و
معروف ماہر تعلیم ڈاکٹر عطاء الرحمن نے نالج پارک کے امور پر پیش رفت کے حوالے سے
بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ا ٹلی کی 2 معروف درسگاہوں نے لاہور نالج پارک میں
اپنے بین الاقوامی کیمپسز کے قیام میں دلچسپی کا اظہار کیا کیا ہے جبکہ فرانس کی
یونیورسٹی نے بھی اپنے کیمپس کے قیام میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔صوبائی وزیر ہائر
ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی، مشیر ڈاکٹر عمر سیف، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،
سیکرٹری خزانہ، کمشنر لاہور ڈویژن، لاہو رنالج پارک کمپنی کے بورڈ ممبران اور اعلیٰ
حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔