اورنگی ٹاؤن میں ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیے جانے والے نوجوان کی نماز جنازہ ادا کرنے کے بعد تدفین کردی گئی۔
گزشتہ شب اسٹریٹ کرائم کی واردات میں جاں بحق 24 سالہ جبران کی نماز جنازہ جمعرات کے روز اورنگی ٹاؤن نمبر 1 جامع مسجد خضر کے ساتھ واقع پارک میں ادا کی گئی جس میں اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی جنہوں نے واقعہ پر افسوس کے ساتھ غم و غصے کا اظہار کیا۔
مقتول کے کزن محمد قاسم نے "ہماری ویب" سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جبران 10 روز قبل اپنے والد کے انتقال پر سعودی عرب سے اپنے چھوٹے بھائی کے ہمراہ کراچی آیا تھا، جبران اور اس کا بھائی سعودی عرب میں رائیڈر کی حیثیت سے ملازمت کرتے تھے، مقتول کے پسماندگان میں والدہ، تین چھوٹی بہنیں اور ایک بھائی ہے۔
اہل علاقہ کے مطابق واقعہ گزشتہ شب ساڑھے گیارہ بجے کے قریب پیش آیا، بتایا گیا ہے کہ جس جگہ واقعہ پیش آیا وہاں مارکیٹ موجود ہے جبکہ ڈکیت اطراف سے لوٹ مار کرتے ہوئے مذکورہ مقام پر پہنچے جہاں چند نوجوان موجود تھے۔ جبران نے ملزمان کو ایک موبائل فون دے دیا تھا تاہم جبران ذرا سا جھکا تو ملزمان سمجھے کہ وہ حملہ آور ہورہا ہےجس پر انہوں نے گولی چلا دی۔
مقتول کا بچ جانے والا موبائل فون پولیس نے تحویل میں لے کر مزید چھان بین شروع کردی ہے۔