حضرت امام حسینؓ کا یوم شہادت ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا

لاہور(نیوزرپورٹر‘خصوصی نامہ نگار)نواسہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم امام عالی مقام حضرت امام حسین ؓاور ان کے جانثار ساتھیوں کی شہادت کی یاد میں صوبائی دارالحکومت سمیت ملک بھر میں منگل کے روز ٌ یوم عاشور مذہبی عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ اس سلسلے میں ملک بھر میں شبیہہ علم، ذوالجناح اور شبیہہ تابوت کے جلوس نکالے گئے اور مجالس عزا کا انعقاد کیا گیا تھا ، جن میں علماء اور ذاکرین شہداء کربلا کو خراج عقیدت پیش کیا، جبکہ جگہ جگہ سبیلیں لگائی گئی تھیں اور لنگر بھی تقسیم ہوتا رہا۔ سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کے علاوہ عز دار تنظیمو ں کی جانب سے رضاکاروںکو سکیورٹی کے لیے خصوصی ذمہ داریاں سونپی گئی تھیں، لاہور میں ذوالجناح کا مرکزی جلوس گزشتہ شب قدیمی نثار حویلی سے برآمد ہو ا جو اپنے مقررہ راستوں اندرون موچی گیٹ، بازار حکیماں، مسجد وزیر خان ، رنگ محل جہاں جلوس کے شرکاء رنگ محل چوک پہنچ کر نماز ظہرین بھی ادا کی ، جس کے بعد ذوالجناح کا جلوس سوہا بازار، گمٹی بازار ، پانی والا تالاب سے ہوتا ہوا مغرب کے وقت کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا جہاں مجلس شام غریباں برپا کی گئی ۔ دریں اثنا علماء کرام و ذاکرین نے واقعہ کربلا کے فضائل و مصائب پر روشنی ڈالی نیزحضرت امام حسینؓ اور انکے رفقاء کی حق، انصاف اور اسلام کی سربلندی کیلئے عظیم قربانی پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا گیا۔اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومت سمیت صوبہ کے دیگر اضلاع میںہزاروں مقامات پر مذہبی اجتماعات اور تقاریب منعقد کی گئیں جبکہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں مجلسوں اور جلوسوں کی سیکورٹی ہائی الرٹ رہی، پنجاب کے دیگر ڈویژن ،ضلعی اور تحصیل سطح پر قائم کنٹرول روم مرکزی کنٹرول روم سے رابطہ میں رہے ، لاہور سمیت بعض مقامات پر جلوسوں کی فضائی نگرانی بھی کی جاتی رہی ۔لاہور میں 10محرم کا مرکزی جلوس نثار حویلی اندرون موچی دروزاہ سے برآمد ہوا جبکہ دیگرعلم اور شبیہہ ذوالجناح کے جلوس بھی مرکزی جلوس میں شامل ہو گئے ، قبل ازیں ذاکرین نے مجالس عزا سے خطاب کیا۔ مرکزی جلوس چوک رنگ محل ٗ مسجد وزیر خان ٗ چوہٹہ مفتی باقر، سوہا بازار ٗ اندرون ٹیکسالی گیٹ اور اندرون بھاٹی سے ہوتا ہوا کربلا گامے شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔جلوس میں شامل عزا داروں نے نوحہ کنی ،ماتم اور زنجیر زنی کی اور غم حسینؓ میں دھاڑیں مار مار کر روتے رہے ۔ جلوس میں خواتین سمیت بچوں، بوڑھوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔جلوس کے روٹ پر دودھ اور پانی کی سبیلیں لگائی گئی تھیںجبکہ جلوس کے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی ۔اس سلسلہ میں لاہور کی مرکزی امام بارگاہ کربلا گامے شاہ سمیت صوبائی دارالحکومت کی تمام امام بارگاہوں کی سیکورٹی انتہائی سخت تھی جبکہ پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی امام بارگاہوں،مجالس اور ماتمی جلوسوں کی سیکورٹی کے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے تھے۔ امام بارگاہوں کے داخلی دروازوں پر واک تھرو گیٹ اور اس کے قریبی علاقہ کی چھتوں پر اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔جلوس کے اختتام پر کربلا گامے شاہ میں مجلس شام غریباں منعقد ہوئی جس سے مختلف نامور ذاکرین نے خطاب کیا۔ اسی طرح صوبہ بھر میں یوم عاشور پر مجالس شام غریباں منعقد کی گئیں جبکہ سرکاری و نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو نے مجالس شام غریباں نشر کیں۔اخبارات میںبھی سیدالشہدا امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی لازوال قربانی کے حوالے سے خصوصی ایڈیشن شائع کئے گئے،صوبائی دارلحکومت میںنثار حویلی سے برآمد ہونے والے مرکزی جلوس کی سکیورٹی پر 14 ایس پیز، 24 ڈی ایس پیز، 87 انسپکٹرز، 455 اَپر سب آرڈینیٹس اور 05 ہزار سے زائد جوان تعینات کئے گئے جبکہ شہر میں مجالس اور جلوسوں کے لئے روٹ پر نفری کے علاوہ ایلیٹ فورس ٗ محافظ فورس ٗ گھڑ سوار دستے ٗ سراغ رساں کتے اور موبائل سکواڈ بھی تعینات کئے گئے تھے۔ عاشورہمحرم الحرام پر عزا داروں کو بروقت طبی امداد پہنچانے اور ہر قسم کے مریضوں کوعلاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے لاہور ڈویژن کے ہسپتالوں میں فول پروف انتظامات کئے گئے تھے جبکہ عملے کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے اسے الرٹ رہنے کہ ہدایت کی گئی تھی۔ پنجاب ایمر جنسی سرو س(ریسکیو1122 ) نے یوم عاشور پرماتمی جلوسوں کے دوران ایمرجنسی کورکی فراہمی کے لئے پنجاب کے تمام بڑے شہروںمیں ریسکیو1122 کے جوانوں کی چھٹیاں محدود کرکے اُن کی مخصوص ایمرجنسی ڈیوٹیاں لگا ئی تھیں ۔واسا کی طرف سے بھی ذوالجناح کے راستوں اور مجالس کے جگہوں کے سیوریج صاف رکھے گئے اور وہاں پر پینے کے پانی کی وافر مقدار میں فراہمی جاری رہی جبکہ لوڈ شیڈنگ کے خدشہ کے پیش نظر ٹیوب ویلوں پر نصب جنریٹر وںپر ڈیزل اور آپریٹرز کی حا ضری یقینی بنائی گئی۔ لاہور میں ٹریفک پولیس نے جلوسوں کے روٹس پر ٹریفک کو جلوسوں سے دورر کھنے کیلئے ٹریفک کے متبادل انتظامات کئے تھے۔لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو ) نے بھی عاشورہ محرم الحرام پربجلی کی مسلسل، بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے انتظامات کئے تھے۔ عزاداری کے تمام معروف مقامات نثار حویلی، کربلا گامے شاہ بھاٹی گیٹ،امامیہ کالونی ،موچی گیٹ ‘ نیاز بیگ اور پانڈو سٹریٹ اسلامپورہ میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے متبادل انتظام کے طورپر ڈیزل جنریٹرزفراہم کئے گئے تھے ۔دریں اثناء یوم عاشور کے موقع پر قبرستانوں میں بھی عوام کا رش رہا جبکہ شہریوں کا اپنے بچھڑے ہوئے پیاروں کو ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کرنے کی غرض سے شہر خاموشاںمیں آمدورفت کا سلسلہ جاری رہا۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.