سابق جج ارشد ملک کے بیان سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کیلئے دفتر خارجہ کو نوٹس

اسلام آباد ہائی کورٹ نے دفترخارجہ اور دیگر حکام کو برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کو احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے مبینہ اعترافات سے متعلق دستاویزات کی تصدیق کی ہدایت جاری کرنے کے لیے نوٹس جاری کردیے۔

رپورٹ کے مطابق جج ویڈیو کیس کے مرکزی کردار ناصر بٹ کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے اسلام آباد ہائئی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ قانونی کارروائیوں سے گریز کی وجہ سے درخواست گزار مساوی حقوق کا دعویٰ نہیں کرسکتا۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر ناصر بٹ عدالت میں بیان ریکارڈ کروانا چاہتے ہیں تو انہیں پاکستان میں تحفظ کی یقین دہانی کروائی جائے گی۔ خیال رہے کہ ناصر بٹ نے برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر، فرسٹ سیکریٹری سمیت سیکریٹری خارجہ کے خلاف احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک کے مبینہ اعترافات سے متعلق دستاویزات کی تصدیق نہ کرنے پر درخواست دائر کی تھی۔

ناصر بٹ نے درخواست میں کہا تھا کہ بارہا پاکستانی ہائی کمیشن جانے کے باوجود متعلقہ حکام خاص طور پر فرسٹ سیکریٹری دیدار علی ابڑو نے ان دستاویزاتی شواہد کی تصدیق نہیں کی جسے وہ پہلے ہی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرواچکے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما ناصر بٹ نے 5 اکتوبر کو احتساب عدالت کے سابق جج محمد ارشد ملک کے خلاف شواہد جمع کروائے تھے۔

ناصر بٹ کی جانب سے جمع کروائے گئے دستاویزات میں ان کے اور جج ارشد ملک کے درمیان گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ کی ٹرانسکرپٹ کی تصدیق شدہ نقول، بات چیت کی ویڈیو-کم-آڈیو ریکارڈنگ کی ٹرانسکرپٹ، درخواست گزار کا بیان حلفی، آڈیو اور ویڈیو ریکارڈنگز کی فرانزک رپورٹس اور دونوں افراد کے درمیان بات چیت کی اصل آڈیو اور ویڈیو-کم-آڈیو ریکارڈنگز کی نقول پر مشتمل یو ایس بی شامل ہے۔

دوران سماعت ناصر بٹ کے وکیل ناصر بھٹا نے عدالت کو بتایا کہ جج ویڈیو اسکینڈل کیس سے متعلق درخواستوں کا فیصلہ سناتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے تھے کہ جج ارشد ملک نے تمام ایماندار، محنتی ججز کو اپنے سر شرم سے جھکانے پر مجبور کردیا۔

وکیل نے کہا کہ چیف جسٹس کے بیان کے باوجود ارشد ملک کو تمام سہولیات حاصل ہیں اور انہیں وہی اہمیت حاصل ہے- ایڈووکیٹ ناصر بھٹا نے کہا کہ درخواست ناصر بٹ کے بیان ریکارڈ کروانے سے متعلق نہیں ہے کیونکہ وہ پہلے ہی بذریعہ ویڈیو لنک اپنا بیان ریکارڈ کروانے کی پیشکش کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس درخواست میں ناصر بٹ نے پاکستانی ہائی کمیشن کو دستاویز کی تصدیق سے متعلق ہدایت جاری کرنے کی استدعا کی ہے۔ بعد ازاں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے متعلقہ حکام کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کردی۔


 

WATCH LIVE NEWS

Samaa News TV PTV News Live Express News Live 92 NEWS HD LIVE Pakistan TV Channels

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.