پاکستان کے معروف فنکار ہمایوں سعید نے کہا کہ میں نے ڈرامہ سیریل میرے پاس تم ہو کے اختتام کے معاملے پر خلیل الرحمان قمر کی مخالفت کی تھی۔
ایک پروگرام میں ہمایوں سعید نے شرکت کی جہاں انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرے پاس تم ہو کی آخری قسط سے متعلق میرے پاس بہت فون کالز آئیں اور سب یہی پوچھ رہے تھے کہ ڈرامے کا اختتام کیا ہوگا،میں نے لوگوں کو بتایا کہ ڈرامے کے اختتام کے لیے تین قسطیں ریکارڈ کی گئی ہیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ شروعات میں لوگوں کو ڈرامہ دلچسپ نہیں لگا مگر جیسے جیسے اقساط آگے بڑھتی رہیں لوگوں نے دلچسپی ظاہر کرنا شروع کر دی، ڈرامہ میرے پاس تم ہو 12 سے 13 کروڑ لوگوں نے دیکھا۔
میرے پاس تم ہو کے مرکزی کردار ہمایوں سعید نے کہا کہ خلیل الرحمان قمر نے 20 قسطوں کے بعد بتایا کہ ڈرامے کی آخری قسط میں دانش کا کردار مرے گا نہیں بلکہ وہ دونوں کو چھوڑ کر چلا جائے گا۔ ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ ’میں نے اور ہدایت کار ندیم بیگ نے کہا کہ ڈرامے میں دانش کو مارنا ضروری ہوگا کیونکہ اگر ایسا نہ ہوا تو ڈرامے کا اختتام مزے دار نہیں ہوگا۔
ڈرامے کے ڈائیلاگز کے حوالے سے ہمایوں کا کہنا تھا کہ ’میرے پاس تم ہو میں خواتین کی تضحیک نہیں کی گئی، ڈرامے کی صورتحال کی وجہ سے دو ٹکے کی عورت کا ڈائیلاگ بولا، ڈرامہ سچی کہانی پر مبنی تھا، عدنان صدیقی کو تھپڑ مارا نہیں تھا صرف دکھایا تھا‘۔
معروف اداکار ہمایوں سعید نے یہ بھی بتایا کہ اگر میرے پاس تم ہو کا سیکوئل بنا تو وہ بھی خلیل الرحمان صاحب ہی لکھیں گے، مجھے آفر ہوئی تو ضرور کام کروں گا۔