کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں رپورٹ ہونے والے کیسز کے بعد ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ موذی مرض خواتین کی نسبت مردوں کے لئے 50 فیصد زیادہ مہلک ہے اور یہی وجہ ہے کہ اُن کی اموات بھی زیادہ تعداد میں ہو رہی ہیں۔
طبی اور تحقیقی ماہرین کے مطابق تمباکو نوشی، شراب نوشی اور عام طور پر صحت کا خراب رہنا مردوں کی موت کا بڑا سبب بنتی ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی طور پر خواتین کی قوت مدافعت ماں بننے کے باعث زیادہ ہوتی ہے اور اُن کا نظام بھی مضبوط ہوتا ہے اسی وجہ سے کورونا وائرس سے متاثر ہونے والی خواتین اس کا سامنا کر لیتی ہیں۔
تحقیقی ماہرین کا کہنا ہے کہ مرد تمباکو نوشی، شراب نوشی اور اپنی صحت کا ٹھیک طرح سے خیال نہ رکھ کر اپنے مدافعتی نظام کو کمزور کرلیتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں دل کا دورہ پڑتا ہے جبکہ اُن کی اموات بھی خواتین کے مقابلے میں زیادہ جلدی ہوتی ہیں۔
کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں کی اگر بات کی جائے تو وبا کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئیں جہاں مرنے والوں میں 70 فیصد مرد تھے جبکہ چین میں 60 فیصد مرد متاثر ہوئے۔
پاکستان میں بھی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں ہلاکتوں اور تصدیق شدہ مریضوں کی تعداد میں عورتوں کی نسبتاً مردوں کی شرح زیادہ ہے۔