کیا آپ بھی مچھروں کے کاٹنے سے سخت پریشان ہیں؟ تو یہ 4 طریقے اپنائیں، اور مچھروں کو دور بھگائیں

image

بظاہر دکھنے میں مچھر بہت چھوٹا سا ہوتا ہے لیکن یہ ایک انسان کو بہت بڑے نقصانات سے دوچار کر سکتا ہے، یہ ہی وجہ ہے کہ ڈبلیو ایچ او کے ماہرین نے اسے خطرناک جاندار قرار دیا ہے۔

مچھر سے دنیا بھر میں ڈینگی اور ملیریا پھیل رہا ہے جبکہ یہ دوسرے کئی امراض کی وجہ بھی بن چکا ہے، ہر سال مچھروں کی پھیلائی بیماریوں سے لاکھوں افراد اپنی جانیں کھو دیتے ہیں۔ مچھر کے کاٹنے کے باعث بچوں اور بڑوں کے چہرے، بازو، ہاتھ اور پاؤں پر لال دانے نکل آتے ہیں جن میں شدید کھجلی ہوتی ہے۔

اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ مچھروں کے کاٹنے سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟

آج ہم آپ کو چند ایسی احتیاطی تدابیر بتانے والے ہیں جن کو اپنا کر آپ مچھروں کے کاٹنے اور مختلف قسم کی بیماریوں سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

1) صفائی کا خاص خیال رکھیں

سب سے اہم اور لازمی بات یہ ہے کہ کوشش کریں آپ کے ارد گرد صفائی ہو، اپنے گھر کے اطراف میں زیادہ دیر گٹر کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں، اگر ٹیرس یا بالکونی میں پرندوں کے لیے پانی رکھا ہے تو اسے بھی روزانہ تبدیل کریں۔ کیونکہ یہ ہی وہ جگہیں ہیں جہاں مچھر انڈے دیتے ہیں اور پھر وہ لاتعداد مچھروں میں تبدیل ہوجاتے ہیں۔ مچھروں کو گیلی سطحیں بے حد پسند ہیں، لہٰذا کوشش کریں کہ اپنے گھر کو خشک رکھیں تاکہ مچھر آپ کے گھر سے دور رہیں اور آپ مختلف بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

2) پنکھے کی تیز ہوا

مچھر معمولی سی ہوا سے بھی دور بھاگتے ہیں، وہ زیادہ ان جگہوں پر حملہ آور ہوتے ہیں جہاں ہوا کا نام و نشان نہیں ہوتا۔ اس کو آپ ان کے خلاف استعمال کر سکتے ہیں، کوشش کریں جس جگہ زیادہ مچھر ہوں وہاں ہاتھ والے پنکھے کی مدد سے انہیں بھگائیں ورنہ اگر چھت پر لگے پنکھے کی ہوا تیز ہے، تو اس سے بھی کام ہو سکتا ہے۔

3) ہلکے رنگ کے کپڑے پہنیں

مچھر ہمیشہ گہرے رنگ کی جانب زیادہ تیزی سے جاتے ہیں، جیسے کے کالا، ہرا، نیلا رنگ۔ کوشش کریں کہ گرمیوں میں گہرے رنگ پہننے سے پرہیز کریں۔ یا آپ کو کسی جگہ کے بارے میں شک ہو کہ یہاں مچھر زیادہ ہوں گے تو وہاں ہلکے رنگ کے لباس پہن کر جائیں۔

4) لونگوں کی مدد سے مچھروں سے چھٹکارا

مچھروں کو لونگ کی بو انتہائی ناپسند ہوتی ہے، وہ اس چیز کے قریب بالکل نہیں جاتے جو انہیں پسند نہیں۔ اس کے لیے آپ ایک باؤل میں پانی لیں اور اس میں 5 سے 6 لونگیں ڈال کر اس جگہ رکھ دیں جہاں مچھروں کی بڑی تعداد آتی ہو۔ آپ دیکھیں گے کہ مچھر چند ہی منٹ میں غائب ہوجائیں گے اور یوں آپ بہت سی جان لیوا بیماریوں سے بچ سکتے ہیں۔


About the Author:

مزید خبریں
پاکستان کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.