لاہور ہائی کورٹ کے باہر سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی جانب سے ضمانت کی درخواست درج کروائی تھی جسے لاہور ہائی کورٹ نے مسترد کردیا۔
عدالت کا عبوری ضمانت خارج کرنے کے بعد نیب حکام نے شہباز شریف کو احاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔
شہباز شریف کی گرفتاری کے بعد عدالت کے باہر موجود ن لیگی کارکنان کی جانب سے نیب اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی جبکہ اس موقع پر لیگی کارکنوں اور پولیس میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔
تاہم اس متعلق مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنا مؤقف ظاہر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا کہ 'شہباز شریف نے اپنے بھائی کے خلاف استعمال ہونے سے انکار کر دیا تھا اس لیے انہیں گرفتار کیا گیا، شہباز شریف نے بھائی کے خلاف کھڑے ہونے کے بجائے جیل جانے کو ترجیح دی، شہباز شریف آپ کو سلام'۔
انہوں نے کہا کہ 'اگر ملک میں احتساب اور انصاف ہوتا تو شہباز شریف نہیں عاصم سلیم باجوہ گرفتار ہوتے'۔