پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے مقبول اداکار شہریار منور صدیقی کچھ عرصے سے سوشل میڈیا سے دور تھے اور اب انہوں نے انکشاف کیا ہے کہ یہ معاملہ ٹریفک حادثے کے باعث ہوا۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شئیرنگ ایپلیکیشن اِنسٹاگرام پر ایک طویل پوسٹ میں اداکار نے بتایا کہ وہ چند ماہ قبل موٹرسائیکل پر گلگت سے ہنزہ جاتے ہوئے ایک حادثے میں زخمی ہوگئے تھے۔
ہسپتال سے موٹرسائیکل پر سفر ، سرجری کی ویڈیوز، فریکچر اور سرجری کے بعد کی مختلف تصاویر کو انسٹاگرام پر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا 'مجھے فیس بک/انسٹاگرام پر متعدد پیغامات مل رہے تھے، جن میں پوچھا جارہا تھا کہ گزشتہ 2 ماہ سے میں سوشل میڈیا پر متحرک کیوں نہیں، جس پر میں پہلے تو معذرت کرتا ہوں'۔
انہوں نے مزید بتایا '2 ماہ قبل میں گلگت سے ہنزہ موٹر سائیکل پر جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا، جس کے نتیجے میں میرا بازو بُری طرح زخمی ہوا اور ٹوٹنے کی وجہ سے مجھے فوری لندن جانا پڑا جہاں میرے بازو کا آپریشن کیا گیا۔ الحمد اللہ میں اب پہلے سے بہتر محسوس کر رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا 'ڈیڑھ ماہ قبل میرا آپریشن ہوا اور ڈاکٹروں کی مہربانی سے اب پٹی اتر چکی ہے اور کندھا مکمل طور پر حرکت کررہا ہے'۔
انہوں نے اپنے پرستاروں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ موٹرسائیکل اچھی سواری ضرور ہے مگر خطرناک بھی ہے جبکہ اس پر سفر کرتے ہوئے مکمل حفاظتی گیئر ضرور پہنیں۔