علی ظفر پر گلوکارہ میشا شفیع کی جانب سے لگائے گئے ہراسانی کے تمام الزامات گزشتہ روز جھوٹے ثابت ہوگئے، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے میشا شفیع کی جانب سے گلوکار علی ظفر کے خلاف چلائی جانے والی سوشل میڈیا مہم کو بھی جھوٹا قرار دیتے ہوئے میشا شفیع سمیت 8 افراد کو قصور وار قرار دیا۔
تاہم اس خوشی کے موقع پر علی ظفر کے مداح خاموش نہ رہ سکے، سماجی رابطے کی ویب سائٹس فیسبک، انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر مداحوں نے خوب جشن منایا، کچھ کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے سے معلوم تھا کہ علی ظفر بے قصور ہیں جبکہ کچھ صارفین نے علی کی اہلیہ عائشہ فضلی کو خوب سراہا کہ کس طرح انہوں نے اپنے شوہر کی حمایت کی۔
دوسری جانب علی ظفر نے اپنی اہلیہ اور مداحوں کا خوبصورت انداز میں شکریہ ادا کیا۔
انسٹاگرام پر گلوکار نے اہلیہ کی تصویر شئیر کی جس کے کیپشن میں تحریر تھا کہ ''میرے مشکل ترین وقت اور ناامیدی کے دنوں میں تم میرے ساتھ تھیں، اپنے آپ میں رہنے کا بہت شکریہ! مجھے تم سے محبت ہے''۔
تاہم فیسبک پر اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے علی ظفر نے تمام مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ''آپ سب کے پیار اور حمایت کا بے حد شکریہ۔ ہمیں ہمیشہ کسی بھی طرح کے جبر کے خلاف کھڑا ہونا چاہئے جبکہ عوامی پلیٹ فارم پر بے بنیاد الزام، بہتان اور کردار کشی کے خلاف آواز اٹھانی چاہیے، پھر چاہے وہ مرد ہو یا عورت''۔
علی ظفر نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ''اب وقت آگیا ہے کہ ان سب کو بے نقاب کیا جائے جو اس منظم مہم کا حصہ تھے''۔
گلوکار نے ایک لنک شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ ''یہ ایف آئی اے میں ہماری شکایت کا لنک ہے، جس میں واضح ثبوت موجود ہیں۔ آپ اسے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں''۔
مداحوں نے علی ظفر کی اہلیہ کو خوب سراہا۔
محمد بن عامر نامی صارف نے اپنا تبصرہ پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ''اس طرح کے موقعوں پر دوسروں کی بیویاں اپنے شوہر پر شک کرتی ہیں لیکن آپ نے ایسا بالکل نہیں کیا، آپ ان کے ساتھ کھڑی رہیں یہاں تک کہ میشا شفیع نے آپ کے ارادے پست کرنے کی بھی کوشش کی''۔
٭ آپ کا اس حوالے سے کیا خیال ہے؟ اپنی قیمتی رائے کا اظہار ہماری ویب کے فیسبک پیج پر کمنٹ سیکشن میں لازمی کریں۔