ویسے تو جب ایک انسان مشکل میں ہوتا ہے تو دوسرا اس کی مدد کو آپہنچتا ہے، چاہے کھانے کے حوالے سے مدد کرنا ہو یا پھر مالی طور پر مدد کرنی ہو۔ انسانیت کی کئی مثالیں ہمیں سوشل میڈیا پر مل ہی جاتی ہیں، مگر بھارت میں ایک ایسا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے کہ جسے دیکھ کر انسانیت بھی شرما جائے۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست پٹنہ میں شہری کے والد اسپتال میں زیر علاج تھے، علاج کے دوران ہی والد کا انتقال ہوگیا، صورتحال اس وقت شرمناک ہوئی جب کوئی ایمبولینس والد کی میت کو لے جانے کے لیے تیار نہیں ہوئی۔ مجبورا شہری ٹھیلے پر والد کی میت کو رکھ کر گھر کی طرف روانہ ہوگیا۔
جبکہ نوجوان کا کہنا تھا کہ وہ کئی گھنٹوں سے اسی انتظار میں تھا کہ کوئی ایمبولینس مل جائے مگر نہیں ملی، اسپتال انتظامیہ نے بھی ایمبولینس دینے سے معذرت کرلی۔ تھک ہار کر باپ کو ٹھیلے پر لے جانا پڑا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو لوگوں نے اس واقعہ کو انسانیت سوز قرار دیا۔ کسی نے حکومتی نااہلی کو اجاگر کیا تو کوئی اسپتال انتظامیہ پر برس پڑا۔