کورونا وائرس کی بدترین صورتحال کے پیش نظر کاروبار کرنا، یا کسی شادی کی تقریب کا انعقاد کرنا مشکل سے مشکل تر ہوگیا ہے۔ جس طرح بھارت اس وقت کووڈ کی بدترین صورتحال سے گزر رہا ہے وہیں کچھ ایسی ویڈیوز بھی منظر عام پر آرہی ہیں جسے دیکھ کر انسان قہقہے لگانے پر مجبور ہوجائے۔
حال ہی میں ایک بھارتی جوڑے نے کورونا وباء کی پابندیوں سے بچنے کے لیے چارٹرڈ طیارے پر دوران پرواز شادی کرلی جس میں 160 مہمان سوار تھے۔
شادی کی اس تقریب کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی جس میں یہ جوڑا اور مہمان کرائے پر لیے گئے جہاز میں ایک دوسرے کے ساتھ ساتھ دکھائی دے رہے ہیں۔
یہ واقعہ ریاست تمل ناڈو کا ہے جہاں حال ہی میں شادی کی تقریب کے انعقاد پر پابندیاں مزید سخت کر دی گئی تھیں اور مہمانوں کی تعداد 50 تک محدود کرنے کو کہا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق انڈیا کی سول ایوی ایشن اتھارٹی نے اس واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
ڈائریکٹریٹ جنرل آف سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ایک افسر نے ٹائمز آف انڈیا کو بتایا ہے کہ سپائس جیٹ میں سوار عملے کو ڈیوٹی سے فارغ کر دیا گیا ہے۔
سپائس جیٹ کے ترجمان نے انڈین ایکسپریس کو بتایا ہے کہ بوئٹگ 737 کو مودورائی سے بینگلور کے لیے بُک کیا گیا تھا۔ اور یہ بکنگ شادی کے بعد ٹرپ کے لیے ایک ٹریول ایجنٹ کے ذریعے کروائی گئی تھی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ واضح طور پر کورونا گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے لیے بریفنگ دی گئی تھی اور دوران پرواز کسی بھی قسم کی سرگرمی کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔