کورونا وائرس ایک عالمی وبا ہے اور اس کی چوتھی لہر نے دنیا بھر میں ایک عذاب برپا کر رکھا ہے، دنیا بھر میں ہر جگہ کچھ افراد ایسے ہیں جو ابھی تک اس بیماری سے بچاؤ کیلئے لگائی جانے والی ویکسین لگوا نہیں رہے اور نہ ہی اس بیماری کو سنجیدہ لے رہے ہیں۔ اس بات کا منہ بولتا ثبوت یہ ہے کہ امریکی نیوز چینل سی این این نے ویکسین نہ لگوا کر آفس آنے پر اپنے 3 ملازمین کو نوکری سے نکال دیا ہے۔
اس واقعہ پر سی این این کے سربراہ جیف زوکر کی طرف سے ملازمین کو یہ پیغامات بھیجے گئے کہ ویکسینیشن کروانا نہایت ضروری ہے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کی عالمی وبا سے سب سے زیادہ متاثر ملک امریکا ہی ہے جہاں 3 کروڑ سے زائد افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جب کہ 6 لاکھ سے زائد اموات بھی اب تک ہو چکی ہیں ۔جبکہ اب دنیا بھر میں وائرس پر قابو پانے کیلئے سرکاری اور نجی شعبوں میں ملازمین کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے ویکسین لگانے کی ہدایات کی جا رہی ہیں۔