جشن آزادی کے موقع پر شہر قائد سے تعلق رکھنے والے معروف کالم نویس اور شاعر جناب شیخ خالد زاہد (راہی) کی پہلی کتاب " قلم سے قلب تک" شائع کردی گئی جو جناب شیخ خالد زاہد کے طویل عرصے سے لکھے جانے والے متفرق موضوعات پر مبنی کالموں پر مشتمل ہے۔
اس کتاب کی تقریبِ رونمائی کا انعقاد 13 اگست 2021 کو آن لائن کیا گیا اور یہ تقریب زوم پر منعقد کی گئی- تقریب کی صدارت ہماری ویب رائٹرز کلب کے صدر پروفیسر رئیس احمد صمدانی نے کی جبکہ پروگرام کی میزبانی کے فرائض خوبصورت لب و لہجے کے مالک معروف کالم نگار محمد ارشد قریشی نے انجام دیے۔ اس کے علاوہ ہماری ویب رائٹرز کلب کے جنرل سیکرٹری عطا محمد تبسم نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی-
کتاب کی تقریبِ رونمائی میں شرکت کرنے والوں میں صرف پاکستان کے کالم نگار ہی نہیں بلکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کالم نگار بھی شریک تھے- اس موقع تقریب کے تمام شرکاﺀ نے اپنے قیمتی تاثرات کے ساتھ شیخ خالد زاہد کی بھرپور حوصلہ افزائی کی اور ساتھ ہی یہ امید بھی ظاہر کی کہ شیخ خالد زاہد کا یہ علمی و ادبی سفر بالکل اسی طرح تسلسل کے ساتھ جاری رہے گا انشاﺀ ﷲ-
تقریب میں شامل ہونے والے شرکاﺀ میں ہماری ویب رائٹرز کلب کے میڈیا کوآرڈینٹر خواجہ مصدق رفیق اور ہماری ویب رائٹرز کلب کے جنرل سیکرٹری عطا محمد تبسم کے علاوہ پروفیسر رئیس احمد صمدانی، رانا علی زوہیب ، ناصرناگا گاوا (جاپان)، شہزاد چوہدری، افضل رضوی (آسٹریلیا)، محمد جاوید عظیمی (ہالینڈ) پروفیسر رئیس علوی (آسٹریلیا) اور طارق حسین انجم (عرب امارات) بھی شامل تھے۔