کرکٹ میچ کے دوران شائقین اپنی ٹیم سے جیت کی امیدیں لگائے ہوتے ہیں، ایسے میں کھلاڑیوں پر بے حد دباؤ بھی ہوتا ہے۔ لیکن جو یہ دباؤ جھیل گیا وہ کامیاب ہو جاتا ہے اور جو نہ جھیل سکا وہ گراؤںڈ میں ہی بے ساختہ رو دیتا ہے۔
ہماری ویب ڈاٹ کام کی اس خبر میں آپ کو ان کھلاڑیوں کے بارے میں بتائیں گے جو کرکٹ میچ ہارنے پر جذباتی ہو کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔
پرو ٹی وی چینل کی جانب سے ایک ویڈیو یوٹیوب پر اپلوڈ کی گئی، جس میں منفرد انداز میں کھلاڑیوں کے جذباتی انداز کے بارے میں بتایا گیا ہے۔
اے بی ڈی ولئیرز:
جنوبی افریقن ٹیم کے سابق کپتان اور مشہور کھلاڑی اے بی ڈی ولئیرز وقت میڈیا کی نظروں میں آ گئے تھے۔ شاید نظروں میں کچھ زیادہ ہی آ گئے تھے تب ہی تعریف کے بعد میڈیا نے ان پر تنقید کرنا شروع کر دی تھی۔
دراصل ہوا کچھ یوں تھا کہ ورلڈ کپ 2015 کے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ مد مقابل تھے۔ میچ کی شروعات میں ہی جنوبی افریقہ کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔
لیکن میچ کے دوران نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے جنوبی افریقن بالرز کی خوب دھلائی کی۔ اس دھلائی کا نتیجہ یہ نکلا کہ جنوبی افریقہ ورلڈ کپ کی ریس سے باہر ہو گیا۔ ہارنے کے بعد ٹیم کا ہر ایک کھلاڑی اشکبار تھا، دل چھلنی تھا اور خاموشی چھائی ہوئی تھی۔
اس سب صورتحال میں کیپٹن اے بی ڈی ولئیرز اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور بے ساختہ رو پڑے، اے بی ڈی ولئیرز اس حد تک رو رہے تھے، کہ ساتھی کھلاڑی انہیں سپورٹ کرنے آئے۔
بنگلادیشی کھلاڑی:
ایشیاء کپ 2014 میں پاکستان اور بنگلادیش کا میچ بھی انتہائی سنسنی خیز تھا۔ بنگلادیش کے شیر بنگال اسٹیڈئیم میں ہونے والا میچ بنگلادیش اور پاکستان کی تاریخ کا یادگار ترین میچ تھا۔
اس میچ میں بنگلادیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 326 رنز کا حدف دیا۔ اس حدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مشکلات کا شکار ہوئی، بنگالی ٹائیگرز اپنی جیت کے لیے پُر امید تھےاور پہاڑ جیسا حدف دینے پر پُر جوش بھی تھے۔
ایک وقت ایسا بھی آیا جب 52 گیندوں پر 102 رنز چاہیے تھے، مشکل مرحلہ تھا کیونکہ 50 گیندوں پر 100 رنز بنانا آسان نہیں تھا۔ پاکستانی ایک طرح سے پُر امید ہو چکے تھے، کیونکہ شاہد آفریدی کے چوکوں چھکوں نے بنگلادیشی شائقین کو رونے پر مجبور کر دیا تھا۔
بنگلادیشی پلئیرز ہارنے پر ایک دوسرے کو دلاسہ دے رہے اور رو رہے تھے، ان کے آںسو کیمرے کی آنکھ نے محفوظ کر لیے تھے۔
نیوزی لینڈ ٹیم کی سسکیاں:
ورلڈ کپ 2019 بھی ایک ایسا ایونٹ تھا جس میں ناانصافی کے الزامات بھی لگائے گئے، ایک ٹیم جیتی اور دوسری ٹیم ہاری تھی۔ صرف ہاری ہی نہیں بلکہ ہارنے والی ٹیم رو رہی تھی۔ دراصل اس ایونٹ میں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ آمنے سامنے تھی، دونوں ٹیموں کی جانب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا گیا۔
لیکن جب نیوزی لینڈ کی ٹیم سخت مقابلے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم سے ہار گئی تو کیویز نہ صرف دلبرداشتہ ہوئے بلکہ آںکھوں میں بھی آنسوں تھے۔ کیویز نے شکست کو تو تسلیم کیا مگر گراؤنڈ پر بیٹھ کر ہی اپنی ہار کے غم میں روتے رہے۔
جبکہ کرکٹ کے کچھ دانشوروں نے تو کیویز کو جان بوجھ کر ہرانے کا الزام بھی آئی سی سی پر عائد کیا تھا، مگر اس شکست نے نیوزی لینڈ کے کھلاڑیوں کو ایک بہت بڑا دھچکا دیا تھا۔
وہاب ریاض:
پاکستانی بالر وہاب ریاض بھی ایک موقع پر جذبات قابو میں نہیں رکھ سکے تھے۔ دراصل ورلڈ کپ 2015 میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے تھا، سخت بالنگ اور بیٹنگ کی وجہ سے پاکستان اس میچ کو جیتنے میں کامیاب ہونے ہی والا تھا، کہ راحت علی نے شین واٹسن کا کیچ چھوڑ دیا، یہ کیچ چھوڑنا پاکستان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوا اور پاکستان یہ میچ ہار گیا۔
میچ تو ہارا ہی ساتھ ہی ساتھ ورلڈ کپ سے بھی باہر ہوا۔ اس میچ کے دوران وہاب ریاض اور شین واٹسن کے درمیان گرما گرمی بھی دیکھی گئی تھی، میچ ہارنے کے بعد رہاب ریاض دلبرداشتہ ہو چکے تھے اور ان کی آنکھوں سے آنسو بھی جھلک رہے تھے۔