اسلام آباد :پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم خان سواتی کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کے کارپوریٹ بینکنگ سرکل نے منگل کو ممنوعہ فنڈنگ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان سمیت 11 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس کے بعد اعظم خان سواتی کو وفاقی دارالحکومت میں ان کی رہائش گاہ سے صبح 3 بجے کے قریب گرفتار کیا گیا۔
ایک روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے ممنوعہ فنڈنگ کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی 18 اکتوبر تک 5000 روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض حفاظتی ضمانت منظور کی تھی۔
ایف آئی اے کے مطابق نامزد ملزمان نے فارن ایکسچینج ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے، مقدمہ میں سردار اظہر طارق، سیف اللہ نیازی، سید یونس، عامر کیانی، طارق شیخ اور طارق شفیع کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمہ کے متن میں کہا گیا کہ ملزمان نجی بینک اکاؤنٹ سے فائدہ اٹھاتے رہے ہیں جب کہ پی ٹی آئی کا مقامی بینک میں اکاؤنٹ تھا اور مقدمے میں نجی بینک کے منیجر کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔
کیس کے مطابق نیا پاکستان کے نام پر بینک اکاؤنٹ بنایا گیا، بینک منیجر نے غیر قانونی بینک اکاؤنٹ چلانے کی اجازت دی اور ابراج گروپ آف کمپنیز نے 2اعشاریہ 1 ملین ڈالر بینک اکاؤنٹ میں جمع کرائے۔