پاکستان کی سیاست میں کبھی بھی کچھ ممکن ہے، روشنیوں کا شہر کراچی جہاں لندن سے آنیوالی ایک فون کال پر سڑکیں سنسنان ہوجایا کرتی تھیں، لوگ گھروں میں دبک کر بیٹھ جاتے تھے آج اس شہر میں الطاف حسین کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں ہے۔
ایم کیوایم کے بانی الطاف حسین نے کراچی پر طویل عرصہ بلاشرکت غیرے راج کیا اور لاکھوں میل دور بیٹھ کر صرف فون پر ان کے احکامات پر کبھی ایم این ایز کو عام کارکنوں سے تھپڑ پڑتے تو کہیں علاقائی ذمہ دار اراکین اسمبلی کو کان پکڑوادیتے۔
قومی اسمبلی میں محدود نمائندگی کے باوجود ایم کیوایم ہر حکومت کیلئے مجبوری رہی اور ہر آنے والا وزیراعظم نائن زیرو پر ماتھا ٹیکنے ضرور جاتا لیکن چشم فلک نے دیکھا کہ جب الطاف حسین کی رسی کھینچی گئی تو کوئی بھی ان کا نام لینے والا نہیں تھا۔
الطاف حسین پر جب برا وقت آیا تو انہوں نے پاکستان کے قومی اداروں کو نشانہ بنانا شروع کردیا لیکن پابندی لگنے کے بعد ان کی اپنی جماعت انہیں فراموش کرچکی ہے۔