پہلے کہا تھا سازش کامیاب ہونے دی تو حالات خراب ہوں گے، عمران خان

image

لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے کہا ہے کہ میں نے پہلے کہا تھا سازش کامیاب ہونے دی تو حالات خراب ہوں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رجیم چینج کے بعد پتہ تھا معیشت خراب ہوگئی تو پھر سنبھالنا مشکل ہو گا، مجھے پتہ تھا کہ سیاسی استحکام نہیں ہو گا تو معیشت گر جائے گی جس کے بارے میں نیوٹرلز کو پہلے ہی آگاہ کیا تھا کہ یہ ہونا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے بعد دنیا بھر میں مہنگائی میں اضافہ ہوا اور انرجی پراڈکٹس کی سپلائی ٹوٹی تو ایک دم قیمتیں بڑھیں۔ ہم بڑی مشکل سے بیلنس کر رہے تھے اور جب عدم اعتماد آئی تو پیٹرول 110 ڈالر فی بیرل سے اوپر تھا۔

عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت پر آرٹیکلز لکھے جا رہے ہیں اور میں نے پہلے کہا تھا سازش کامیاب ہونے دی تو حالات خراب ہوں گے۔ ان کے 9 مہینوں کے دوران ڈالر کے مقابلے میں روپیہ 84 روپے تک گرا اور 2 دن میں روپیہ ڈالر کے مقابلے میں 33 روپے نیچے گیا ہے۔ جب عدم اعتماد جمع ہوئی تھی اس وقت 16.4 ارب ڈالر کے ریزرو تھے۔

انہوں نے کہا کہ جن کا جینا مرنا پاکستان میں ہے ان کے بینک بلینس میں کمی واقع ہو گئی اور جن کے ڈالرز باہر پڑے ہوئے ہیں ان کی دولت اوپر جارہی ہے۔ اس پارٹی کو ووٹ نہ دیں جن کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہوں۔ آصف زرداری اور نواز شریف کے پیسے باہر کی بینکوں میں پڑے ہوئے ہیں۔ ہمارے وقت میں پیٹرول 150 روپے لیٹر تھا اور اب حکومت پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 50 ،50 روپے کا اضافہ کرے گی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمارے دور میں مہنگائی کی شرح 12 فیصد تھی اور اب روپے کی قدر گرنے سے مہنگائی کی شرح 35 فیصد تک جائے گی۔ پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ مہنگائی ہونے جا رہی ہے اور سب سے زیادہ تنخواہ دار طبقہ متاثر ہو گا وہ کیسے اس مہنگائی میں گزارا کریں گے۔ ایک آدمی کیسے اس مہنگائی میں گزارا کرے گا؟

انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں آٹا 60 روپے کلو اور اب 150 سے اوپر چلا گیا جبکہ پیاز کی قیمت 44 روپے تھی اور آج 230 روپے کلو ہے۔ حکومت بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرنے جا رہی ہے جبکہ یوریا کی قیمتیں بڑھنے کی وجہ سے 60 ارب روپے کسانوں کو اضافی دینا پڑا۔ مہنگائی کا سب سے زیادہ اثر ملکی گروتھ پر ہو گا۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارے دور میں 18 لاکھ نوکریاں ہر سال پیدا ہوئیں اور ہم نے 3 سال میں 55 لاکھ نوکریاں پیدا کیں۔ ہمارے دور میں ٹیکسٹائل انڈسٹریز کو مزدور نہیں ملتے تھے اور زراعت اوپر گئی، ریکارڈ ٹیکس اکٹھا ہوا تھا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.