ایم کیو ایم کا سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کیخلاف دھرنا دینے کا اعلان

image

کراچی: ایم کیو ایم پاکستان نے صوبہ سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کے خلاف 12 فروری کو دھرنا دینے کا اعلان کیا ہے۔

یہ اعلان کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، کنونشن سے ڈاکٹر فاروق ستار اور انیس قائم خانی سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے خطاب کرتے ہوئے یہ اعلان بھی کیا کہ بہادرآباد کا دفتر فوارہ چوک پر منتقل کیا جائے گا جہاں سے تنظیم کا نظام چلے گا،  16 مارچ کو الیکشن ہو گا اور 18 کو کراچی واپس کراچی والوں کے پاس ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت آخری سانسیں لے رہی ہے، ڈوبتی معیشت جاگیردارانہ سیاست کو اپنے ساتھ لے ڈوبے گی۔

سابق صدر پاکستان جنرل (ر) پرویز مشرف کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کنوینر ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ آج شہر کا محسن، شہر کا بیٹا دنیا سے رخصت ہو گیا۔ انہوں نے استفسار کیا کہ یہ کیسا ڈکٹیٹر تھا جس نے بلدیاتی نظام دیا اور آزاد میڈیا دیا ؟

ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں رہنے والے شہریوں کی امید پھر جاگ اٹھی ہے، مڈل کلاس کی جماعت ختم کرنے کی سازش نظریہ پاکستان کی نفی تھی۔

سابق میئر کراچی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ جیسے پاکستان ہمیشہ قائم رہنے کیلئے بنایا گیا تھا بالکل اسی طرح ایم کیوایم ہمیشہ قائم رہے گی، جیسے پاکستان بنایا تھا اسی طرح کشمیر کو بھی آزاد کرائیں گے۔

ایم کیو ایم پاکستان کے  رہنما انیس قائم خانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سازشی عناصر نے کراچی کے بیٹوں کو تقسیم کرنے کی سازش کی، آنے والا وقت ایم کیوایم پاکستان کا ہوگا، جیت صرف متحدہ کی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کے جلسوں سے بڑا ایم کیو ایم کا ورکرز اجلاس ہوتا ہے، جو سمجھتا تھا اس شہر کے بچے ایک نہیں ہوسکتے ان کا دور ختم ہوگیا، بلدیاتی انتخابات میں بائیکاٹ کرکے ثابت کردیا گیا کہ شہری ایم کیوایم کے ساتھ ہیں۔

ایم کیو ایم پاکستان کا سڑکوں پہ آ کر جدوجہد کرنے کا فیصلہ

انیس قائم خانی نے کہا کہ کامیابی اختلافات رکھ کر نہیں مل سکتی، ہمیں مزید متحد ہونا ہوگا، کارکنان نفرتوں کو مٹا کر ایک بار پھر کراچی ا ورحیدرآباد جیت کردکھائیں گے، 16 مارچ کو الیکشن ہوگا اور 18 مارچ کو ہم فخر سے یوم تاسیس منائیں گے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.