بیٹیوں کے لیے دنیا میں سب سے بڑا سہارا ان کے والد ہوتے ہیں اگر باپ ساتھ ہو تو بیٹیوں کو کسی سے ڈرنے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی۔ لیکن جب باپ ساتھ نہ ہو تو تکلیف کی شدت کا اندازہ ایک بیٹی ہی کرسکتی ہے۔ بالکل اسی طرح جب بیٹی باپ کی نظروں کے سامنے نہ ہو تو تکلیف صرف وہ باپ ہی سمجھ سکتے ہیں جو اپنی بیٹیوں کو کھو چکے ہیں یا ان سے دور ہیں۔ ترکیہ کے زلزلے میں ہونے والی تباہی اور دلخراش مناظر میں سے ایک تصویر یہ بھی ہے جو کل سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ باپ اپنی مردہ بیٹی کا ہاتھ تھامے بیٹھا ہے۔
ترکی میں زلزلے کے مرکز کے قریب کہرامنماراس شہر کی یہ تصویر ہر کسی کو رونے پر مجبور کر رہی ہے۔ تصویر میں بچی کے والد میسوت ہینسر اپنی 15 سالہ بیٹی امراک کا ہاتھ تھامے رو رہے ہیں۔
لڑکی ایک بستر پر مردہ پڑی ہے اور اس کا زیادہ تر حصہ ملبے کے نیچے دبا ہوا ہے جو زندہ سلامت نکلنے کے قابل نہیں رہا۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق 6 فروری کو آنے والے 7.8 شدت کے زلزلے کے بعد 7.6 شدت کا ایک اور زلزلہ آیا، جس نے مزید تباہی پھیلائی۔