شام اور ترکی میں آنے والے ہولناک زلزلے میں ابھی تک اموات کا سلسلہ جاری ہے۔ زلزلے کے باعث شام اور ترکیہ ملبے کا ڈھیر بن چکے ہیں۔
وہاں سے مختلف تصاویر اور ویڈیوز آج بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہیں۔ وہیں ایک ننھی نومولود بچی کا بھی ملبے میں جنم ہوا ہے مگر اب اس کا کوئی وارث نہیں ہے۔ بچی تو اس دنیا میں آگئی ہے مگر اس کے ماں باپ اب اس دنیا میں نہیں رہے اور وہ پیدا ہوتے ہی یتیم ہوگئی۔
زلزلے کی وجہ سے جہاں اتنی ساری موت ہوئیں وہیں بھاری ملبے تلے ایک بچی کا جنم ہوا۔ دو روز قبل ملبے تلے دبی خاتون نے ایک بچی کو جنم دیا تھا تاہم وہ خود جہان فانی سے کوچ کر گئی تھی۔
عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس زلزلے میں نومولود بچی کی والدہ عفرا، والد عبداللہ المیحان، چار بھائی اور خالہ جاں بحق ہوگئے ہیں جبکہ گھر پوری طرح سے تباہ ہوچکا ہے۔ریسکیو اہلکاروں نے جب بچی کو ملبے سے باہر نکالا تو وہ ناف کے ذریعے اپنی ماں سے جڑی ہوئی تھی۔
متاثرہ خاندان کے رشتہ دار خلیل السوادی نے اپنے جذبات پر قابو رکھتے ہوئے بتایا کہ ہم اس نومولود کے گھر والوں کو ڈھونڈ رہے تھے کہ اچانک ہمارے کانوں میں ایک آواز آئی۔ ملبہ ہٹایا تو ہمیں اپنی ماں سے جڑی ہوئی نومولود بچی نظر آئی جسے میرے چچا زاد بھائی نے فوری طور پر اسپتال پہنچایا۔
پھول جیسی معصوم بچی کو حلب کے عفرین شہر کے اسپتال میں داخل کردیا گیا ہے جہاں انتہائی نگہداشت کے شعبے میں اس کی دیکھ بھال کی جارہی ہے۔
اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ بچی کی صحت تسلی بخش ہےتاہم اس کے جسم پر زخموں کے نشان آئے ہیں۔ ایسا لگتا ہے زلزلے کے تقریبا 7 گھنٹے بعد بچی نے جنم لیا ہے۔