اسلام آباد: وزیراعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسی قسم کا سیکیورٹی لیپس برداشت نہیں کیا جائے گا اور ساتھ ہی ہدایت کی ہے کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے یہ ہدایت اپنی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی۔
اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے سیکیورٹی امور کا جائزہ لیا گیا، تمام منتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر اور وزیراعظم میاں شہباز شریف نے اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کو ہدایت کی کہ وہ چاروں صوبوں کا دورہ کریں۔
انہوں نے واضح طور پر کہا کہ امن و امان کے حوالے سے وفاق و صوبوں میں رابطوں اور ہم آہنگی کو بہتر بنایا جائے، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹس کی استعداد کار میں بہتری کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
دہشت گردی کی ہر قسم و شکل کیلئے زیرو ٹالرنس ہو گا، اپیکس کمیٹی
وزیراعظم میاں شہباز شریف نے ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ہتھیاروں اور سامان سے لیس کیا جائے، شہریوں کی حفاظت حکومت کی اولین ذمہ داری ہے، کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔