یورپ میں اسلام مخالف تحاریک کی وجہ سے جہاں مسلمانوں کیلئے مسائل میں اضافہ ہورہا ہے وہیں اسلام کے شدید ترین مخالفین کی جانب سے اسلام قبول کرنے کے واقعات بھی عام ہیں۔
یورپ کے معروف سیاست دان گیری ملر جو اب عبدالاحد عمر بن چکے ہیں، وہ اسلام قبول کرنے سے پہلے اسلام اور قرآن کی شدید مخالفت کرتے اور مسلمانوں سے نفرت کرتے تھے۔
گیری ملر نے اسلام کی مخالفت اور قرآن کو غلط ثابت کرنے کیلئے قرآن پڑھنا شروع کیا جہاں سے ان کی زندگی میں تبدیلی آئی، عبدالاحد عمر کا کہنا ہے کہ قرآن کا پیغام بالکل سچائی کا جوہر ہے۔
انہوں نے اسلام قبول کیا اس کے بعد سے ریڈیو اور ٹیلی ویژن سمیت ہر جگہ اسلام کی دعوت دینے کے علاوہ اسلام کے بارے میں متعدد مضامین بھی لکھ چکے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ تمام انبیاء کی نشانیاں ہیں، موسیٰ کا جادوگروں اور فرعون سے مقابلہ تھا، عیسیٰ نے بیماروں کو شفا بخشی اور مردوں کو زندہ کیا اور اسی طرح ایک نشانی آخری نبیوں کو دی گئی۔
مسلمانوں کے نزدیک قرآن آخری کتاب ہے اور یہ نشانی اب بھی ہمارے ساتھ ہے۔ کیا یہ بات بالکل درست نہیں کہ اگر ختم نبوت کو ختم کرنا ہے تو آخری نبی ﷺ پر ایمان لانا ضروری ہے۔