ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ: ’عائشہ نسیم کو پاکستانی مینز ٹی 20 ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے‘

پاکستانی ٹیم میچ تو نہیں جیت سکتی تاہم عائشہ نسیم اور بسمہ معروف کی بلے بازی ٹوئٹر پر کرکٹ مداحوں کی تعریفیں سمیٹتی رہی۔

جنوبی افریقہ میں جاری ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں انڈیا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے جس میں بڑا کردار رچا گھوش اور جمائمہ روڈریگیز کی بیٹنگ نے ادا کیا ہے۔

پاکستان نے انڈین ٹیم کو پہلے کھیلتے ہوئے جیت کے لیے 150 رنز کا ہدف دیا تھا جو انڈین ٹیم نے ایک اضافی رن کے ساتھ 19 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

پاکستان کی جانب سے سب سے قابلِ ذکر بیٹنگ بسمہ معروف نے کی جنھوں نے 55 گیندوں پر 68 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ عائشہ نسیم بھی 25 گیندوں پر 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔

انڈیا کی بلے باز جمائمہ روڈریگیز نے 38 گیندوں پر 53 رنز بنائے جبکہ شفالی ورما نے 25 گیندوں پر 33 رنز بنائے۔ رچا گھوش نے صرف 20 گیندوں پر 31 رنز کی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی اور انڈیا کو کامیابی تک لے گئیں۔

پاکستان کی بولرز میں سے نشرح سندھو نے دو جبکہ سعدیہ اقبال نے ایک وکٹ حاصل کی۔ انڈیا کی جانب سے دیپتی شرما اور پوجا وستراکر نے ایک ایک جبکہ رادھا یادیو نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی ٹیم میچ تو نہیں جیت سکی تاہم عائشہ نسیم اور بسمہ معروف کی بلے بازی ٹوئٹر پر کرکٹ مداحوں کی تعریفیں سمیٹتی رہی۔

عائشہ نسیم کا سٹرائیک ریٹ 172 رہا اور اُنھوں نے دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 43 رنز بنائے۔

https://twitter.com/Mariamughal124/status/1624782328600883202

اننت کشپ نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ عائشہ نسیم کو پاکستان کی مینز ٹی 20 ٹیم میں شامل کیا جانا چاہیے۔

https://twitter.com/theanantkashyap/status/1624818759168040960

سلمان خان نے لکھا کہ پاکستانی ویمن ٹیم کو درپیش وسائل کی کمی اور دیگر مشکلات کے باوجود انھوں نے بہت زبردست کھیلا، مگر ساتھ ہی ساتھ انھیں فیلڈنگ اور بولنگ پر بھی کام کرنا چاہیے۔

اُنھوں نے پاکستانی ویمن ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے عائشہ نسیم اور بسمہ معروف کی کارکردگی کو بالخصوص سراہا۔

https://twitter.com/SalmanW79050795/status/1624818537222086664

امرزش فاطمہ نے لکھا کہ بسمہ معروف کی شاندار بیٹنگ اور عائشہ نسیم کی سنسنی خیز ہٹنگ۔ میں بسمہ کے کریئر کی شروعات سے ہی ان کی فین ہوں اور اب عائشہ نسیم میری اگلی فیوریٹ ہیں۔ عائشہ نسیم، آپ سٹار ہیں۔

https://twitter.com/AmarzishF/status/1624814142321311744

وقاص احمد گوندل نامی صارف نے لکھا کہ بہت سی بہتری کی گنجائش ہے۔ آخر ندا ڈار اور بسمہ معروف کب تک ہمیں بچاتی رہیں گی؟ صرف عائشہ نسیم وہ کھلاڑی ہیں جو دنیا کی دوسری ویمن سٹارز کے مقابلے کی لگتی ہیں۔ عالیہ ریاض بہت اچھی تھیں مگر پتا نہیں اُنھیں پھر کیا ہوا۔

https://twitter.com/ahmedwaqas800/status/1624810675976404992

محمد حسنین نامی ٹوئٹر صارف نے لکھا کہ یہ ٹیم واقعی بہتر ہوتی جا رہی ہے اور وہ اس کے لیے خوش ہیں۔

اُنھوں نے لکھا کہ عائشہ نسیم میں وہ سپرسٹار بننے کی پوری صلاحیت ہے جس کی پاکستانی ٹیم کو ہمیشہ سے ضرورت ہے، بسمہ معروف ہمیشہ سے قابلِ بھروسہ ہیں۔

اُنھوں نے لکھا کہ مجھے ہمیشہ سے لگتا ہے کہ عالیہ ریاض کو درست طریقے سے استعمال نہیں کیا گیا، مجھے لگتا ہے کہ وہ مڈل آرڈر میں بہت بہتر کر سکتی ہیں۔


News Source   News Source Text

BBC
مزید خبریں
تازہ ترین خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.