ترکیہ میں ہولناک زلزلے کے دوران اپنی زندگیاں داؤ پر لگا کر معصوم بچوں کی حفاظت کرنے والی دو نرسز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ترکیہ میں گزشتہ پیر کو آنے والے ہولناک زلزلے سے اب تک تقریباً 34 ہزار کے قریب اموات ہوچکی ہیں جبکہ ہزاروں لوگ بے گھر ہوچکے ہیں۔
ترکیہ میں چند روز قبل آنے والے زلزلے کی شدت بہت زیادہ تھی۔ 1939 کے بعد اس سے پہلے کبھی اتنا خوفناک زلزلہ نہیں آیا۔ اس سے قبل 7اعشاریہ 8 اور 4اعشاریہ 17 کی شدت کے دو جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔ اس کے بعد بھی یکے بعد دیگرے 7اعشاریہ 5 کی شدت کے کئی جھٹکے محسوس ہوئے۔
ترکیہ کے 81 میں سے 10 صوبے شدید زلزلے کی زد میں آئے اور ان علاقوں میں وسیع پیمانے پر امدادی کارروائیوں کی ضرورت تھی لیکن زلزلے کے بعد تیاری میں کچھ وقت لگا اور کئی دیہی علاقوں تک کئی دنوں تک رسائی ممکن نہیں ہو سکی جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں ہوئیں۔
زلزلے کے دوران جب اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ رہے تھے ایسے میں دو نرسز ترکی کے اسپتال میں موجود نومولود بچوں کو بچانے کی کوشش کررہی تھیں۔
زلزلے کے دوران جھولتی عمارت میں بچوں کی ٹرالیاں سنبھالنے والی نرسز کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آنے کے بعد صارفین نے دونوں نرسز کی ہمت اور جذبے کی بھرپور تعریف کی۔