شاپنگ کسی بھی خاتون کی کمزوری ہوسکتی ہے لیکن اکثر خواتین کو بچوں کی وجہ سے اپنے اس شوق کی قربانی دینی پڑتی ہے اور کچھ خواتین اپنے شوہروں کے عدم تعاون کی وجہ سے شاپنگ سے محروم ہوجاتی ہیں کیونکہ خواتین پورا بازار گھوم کر خریداری کرتی ہیں لیکن مرد زیادہ گھوم پھر کر شاپنگ کرنے سے گریز کرتے ہیں تاہم دنیا میں اب ایسے کئی ڈے کیئر سینٹر بھی بن گئے ہیں جہاں خواتین شاپنگ پر جانے یا دوسری مصروفیت کی صورت میں اپنے شوہروں کو چھوڑ سکتی ہیں۔
آپ نے اکثر دیکھا ہوگا کہ بڑے شاپنگ مالز میں بچوں کیلئے الگ سے کھیلنے کی جگہ مخصوص کی جاتی ہے اسی طرح چین اور امریکا کے علاوہ بھارت میں بھی ایسے ڈے کئیر سینٹرز کا حقیقی طور پر آغاز ہوچکا ہے جہاں شاپنگ کے دوران خواتین اپنے شوہروں کو چھوڑ کر جاسکتی ہیں۔
ان ڈے کیئر سینٹرز میں مردوں کیلئے خبریں سننے اور فلم دیکھنے کیلئے بڑے بڑے ٹی وی، گیمز، میگزین اور دیگر تفریحی مواقع موجود ہیں۔ ان سینٹرز پر مردوں کا خیال رکھنے کیلئے ہمہ وقت عملہ موجود ہوتا ہے اور صرف کھانے پینے کے پیسے دینے کے عوض یہاں لوگوں کا پوری طرح خیال رکھا جاتا ہے۔
کچھ مردوں کا کہنا ہے کہ ایسے سینٹرز ہر جگہ ہونے چاہئیں اور وہ خواتین کے ساتھ شاپنگ پر جانے کے بجائے وہ شاپنگ مالز کے ساتھ ان سینٹرز میں وقت گزارنے کو ترجیح دینگے کیونکہ خواتین کے ساتھ شاپنگ پر جانا ایک مشکل کام ہے لیکن اگر شاپنگ مالز کے ساتھ ایسے سینٹرز موجود ہوں تو انہیں بازار جانے سے کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔