اسلام کے مقدس ترین مقام بیت اللہ کے عین سامنے مکہ کلاک ٹاور کی عظیم الشان عمارت واقع ہےجہاں سے کعبہ و مسجد الحرام کا روح پرور نظارہ کیا جاتا ہے۔
اس عمارت کی چوٹی زمین سے 607 میٹر کی بلندی پر واقع ہے اور بلند ترین مقام پر ایک خوبصورت سنہرا ہلال بنایا گیا ہے جس کی چمک میلوں دور سے آنکھوں کو خیرہ کرتی ہے۔ چوٹی کے عین نیچے، سنہری ہلال کی بنیاد میں ایک خاص کمرہ بنایا گیا ہے جسے کائنات کے خالق کی عبادت کے لئے وقف کیا گیا ہے۔
اس کمرے تک پہنچنے کے لئے ہائی اسپیڈ لفٹ استعمال کرنا پڑتی ہے جو عمارت کے ٹاپ فلور تک جاتی ہے۔ اس کے بعد 18 میٹر کا فاصلہ پیدل طے کیا جاسکتا ہے یا اس کے لئے دنیا کی بلند ترین چیئرلفٹ استعمال کی جاسکتی ہے۔ اس کی منصوبہ بندی کرنے والے چاہتے تھے کہ کعبہ کے پاکیزہ اور روح پرور نظارے کے ساتھ نماز کی ادائیگی کے لئے جگہ تعمیر کی جائے اور اسی مقصد کی تکمیل کے لئے بلند ترین مقام پر واقع ہلال کے اندر یہ خاص کمرہ تعمیر کیا گیا۔
مکہ مکرمہ کلاک ٹاور فن تعمیر کی ایک اچھوتی یادگار ہے۔ اس حسین شاہکار کو ماہرین تعمیرات نے بہت خوبصورتی سے بنایا ہے جسے فن تعمیر کا دلکش نمونہ قرار دیا گیا ہے۔
اپنی دیوہیکل قامت کی وجہ سے یہ ٹاور شہر مقدس کی ہر جگہ سے نہ صرف بآسانی دیکھا جاسکتا ہے بلکہ راستے کے تعین میں بھی مددگار ثابت ہوتا ہے۔ مکہ مکرمہ کی گھڑی کو چلانے کے لئے بجلی شمسی توانائی سے حاصل کی جاتی ہے۔ ٹاور کے اوپر دنیا کا سب سے بڑا ہلال نصب ہے جہاں سے کعبہ و مسجد الحرام کا روح پرور نظارہ کیا جاتا ہے۔