نیویارک:امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ فوجداری الزامات پر گرفتار ہونے والے امریکا کی تاریخ میں پہلے صدر بن گئے۔
سابق صدر 8گاڑیوں پر مشتمل قافلہ میں عدالتی کمپلیکس پہنچے جہاں انہیں پولیس نے باقاعدہ طور پر گرفتار کیا، سابق امریکی صدر نے صحت جرم سے انکار کردیا ،سازش کے تحت 2016کے انتخابات کو نقصان پہنچانے کا بھی الزام عائد کیا۔
76سالہ ٹرمپ پر 34فوجداری الزامات عائد کئے گئے جن میں پورن اسٹار کو خاموش رہنے کیلئے خفیہ ادائیگی بھی شامل ہے، اسٹورمی ڈینئلز کے علاوہ ایک اور خاتون اور ایک ڈور مین کو رقوم کی ادائیگیوں کے الزامات بھی عائد کئے ہیں۔
استغاثہ کے مطابق ٹرمپ نے نیویارک میں اپنے بزنس ریکارڈ سے متعلق 34 جھوٹے بیانات دیئے اور دوسروں سے بھی جھوٹ بلوایا، عدالت نے سابق صدر کیخلاف اگلی سماعت کی تاریخ 4 دسمبر مقرر کردی ہے۔
قبل ازیں ڈونلڈ ٹرمپ کی پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر سابق صدرکے حامیوں اور مخالفین کے احتجاجی مظاہرے، ٹرمپ کے حامیوں نے بینر اٹھارکھے تھے جس پر درج تھا ’’ٹرمپ یا موت‘‘ ، جبکہ ان کے مخالفین نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پر سابق صدر کی گرفتاری اور انہیں جیل میں ڈالنے کے مطالبے پر مبنی نعرے درج تھے۔
یاد رہے کہ اس طرح کے مناظر چند روز قبل سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی گرفتاری کیلئے زمان پارک میں پولیس کی کارروائی کے دوران بھی دیکھنے میں آئے تھے تاہم امریکا میں مظاہرین مہذب انداز میں احتجاج ریکارڈ کرواتے رہے اور کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔