گھروں میں خوشیاں بکھیرنے والی بیٹیاں تو اللہ کی رحمت ہوتی ہیں لیکن ہمارے معاشرے میں آج بھی بیٹیوں کی پیدائش پر اکثر لوگ پریشان ہوجاتے ہیں لیکن ایسے لوگوں کی بھی کمی نہیں جو بیٹیوں کو بیٹوں سے زیادہ اہمیت دیتے ہیں، ایسا ہی اس ویڈیو میں بھی دیکھنے میں آیا۔
دین اسلام نے بیٹی کو اس قدر عزت اور درجہ عطا فرمایا ہے کہ وہ کسی بھی روپ میں ہو والدین کے لیے جہاں حصولِ جنت کا ذریعہ ہے وہیں جنت میں داخلے کا بھی ذریعہ ہے۔
افسوس کی بات تو یہ ہے کہ بیٹیوں کی پیدائش پر غم وغصہ دور جاہلیت تک محدود نہیں بلکہ آج کے پڑھے لکھے معاشرے میں بھی ایسے لوگ موجود ہیں جو لڑکے کی پیدائش پر خوشی و مسرت کا اظہار کرتے ہیں مگر لڑکی کی پیدائش پر والدین کا وہ جوش و خروش نظر نہیں آتا جو لڑکے کی پیدائش پر ہوا کرتا ہے۔
اکثر یہ بھی دیکھا گیا ہے کہ نومولود بچی کی ماں کو قسم قسم کے طعنے دیئے جاتے ہیں حتی کہ طلاق تک کی دھمکی بھی دے دی جاتی ہے اور کبھی کبھار زیادہ بیٹیوں کی پیدائش پر ماں کو طلاق کا طوق بھی پہنادیا جاتا ہے۔
اس ویڈیو میں ایک شخص اپنے گھر کی بنیاد اپنی بیٹی سے رکھوا رہا ہےکیونکہ ان کا ماننا ہے کہ مکان تو بیٹیوں کی وجہ سے ہی گھر بنتا ہے ۔ اس ویڈیو کو سوشل میڈیا پر بہت زیادہ پذیرائی مل رہی ہے۔