عمرہ سیزن میں اللہ کے مہمانوں کو مشکل سے بچانے کیلئے سعودی حکومت نے ایک درجن سے زیادہ زبانوں کی ماہر خواتین کو تعینات کردیا ہے۔
اردو، انگلش، ازبکی، فارسی، ترکی، فرانسی، بنگالی، تامل، بمبارا، پشتو، ھندی، آئیوری کوسٹ کی زبان، گلا اور سیلون میں ترجمہ کی ماہر خواتین کی خدمات زائرخواتین کے لیے فراہم کی گئی ہیں اور ان خواتین کی ڈیوٹی چوبیس گھنٹے مختلف شفٹوں میں لگائی گئی ہے تاکہ زائرین کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مسجد الحرام میں خطبات اور وعظ کی مجلسوں، مقدس و تاریخی مقامات اور اداروں کے ساتھ رابطے کے لیے اب 50 زبانوں میں ترجمے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے جبکہ مسجد الحرام اورمسجد نبوی میں خواتین کے لیے مخصوص مقامات پر خطبے کا ترجمہ سننے کے لیے زائرین کو ہیڈ فون کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
اس سے قبل رمضان کے مقدس مہینے کے دوران عمرہ سیزن میں پہلی بار سعودی عرب کی پٹرولنگ گارڈ میں خواتین اہلکار وزارت داخلہ کے ماتحت دوسرے اداروں کی خواتین کے ہمراہ ضیوف الرحمان کی خدمت کی ڈیوٹی انجام دے رہی ہیں۔
خواتین سیکورٹی اہلکاروں کی موجودگی ایک مربوط سیکورٹی سسٹم کے تسلسل کا حصہ ہے جس کا مقصد زائرین کو عبادت کے دوران پرسکون اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔