عیدالفطر کو میٹھی عید بھی کہا جاتا ہے اور اس میٹھی عید پر جہاں مزے مزے کے کھانے بنتے ہیں وہیں عیدی میں کرارے نوٹ عید کا مزہ دوبالا کردیتے ہیں لیکن افسوس کہ جعلساز اس موقع پر بھی لوگوں کو لوٹنے سے باز نہیں آتے۔
عید کے موقع پر ہر کوئی عیدی کے انتظار میں رہتا ہے اور خاص طور پر بچے تو عیدی کیلئےخاصے بے تاب نظر آتے ہیں، کچھ بچے تو نئے کرارے نوٹ ملتے ہی خرچ کرنے کیلئے بھاگ نکلتے ہیں جبکہ کچھ بچے ان نئے نوٹوں کو اپنی جیب میں سنبھال کر رکھتے ہیں۔
ہر سال عید کے موقع پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے نئے نوٹوں کا اجراء کیا جاتا ہے تاہم حیرت اور افسوس کی بات تو یہ ہے کہ نئے نوٹ بینکوں سے ملنے کے بجائے اکثر مارکیٹ میں مہنگے داموں فروخت ہوتے ہیں۔
بینکوں سے نئے نوٹ نہ ملنے کی وجہ سے 10 روپے کے نوٹ کی ایک ہزار روپے کی گڈی پر اوسط 2 سے 3 روپے اضافی وصول کیے جاتے ہیں، اسی طرح ہر مالیت کی گڈی پر اضافی پیسے لئے جاتے ہیں۔
اس ویڈیو میں آپ دیکھیں گے نئے نوٹوں کی گڈی سے کیسے پیسے چرائے جارہے ہیں کیونکہ اکثر ایسا ہوتا ہے کہ نئی گڈیوں میں نوٹوں کو گنے بغیر صارفین کے حوالے کردیا جاتا ہے ۔
اس عید پر اگر آپ بھی نئے نوٹ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ایک بار یہ ویڈیو لازمی دیکھ لیں تاکہ دھوکے سے بچ سکیں گوکہ یہ ویڈیو بھارت کی ہے لیکن پاکستان میں بھی ایسے جعلسازوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔