نبی کریم حضور ﷺ سے محبت فرض ہر مسلمان پر واجب ہے اور حضور ﷺ سے محبت کے بغیر ایمان مکمل نہیں ہوتا، ہر مسلمان آقائے دوجہاں ﷺ سے محبت اور عقیدت کا اظہار اپنے اپنے انداز میں کرنا پسند کرتا ہے اور اس ویڈیو میں ایک نابینا مجذوب کی حضور ﷺ سے محبت میں پڑھی گئی نعت کی ویڈیو دیکھ کر شائد آپ کی آنکھیں بھیگ جائینگی۔
ایک روایت کے مطابق سیدنا عمر ؓ نے عرض کیا یا رسول اللہ یقینا آپ ﷺمجھے ہر چیز سے زیادہ محبوب ہیں سوائے میرے نفس کے جس پر نبی کریمﷺ نے ارشاد فرمایا:
نہیں، اس ذات کی قسم جس کے قبضے میں میری جان ہے یہاں تک کہ میں تمہارے نزدیک تمہارے نفس سے بھی زیادہ محبوب ہوجاؤں۔ یعنی اس وقت تک تمہارا ایمان کامل نہیں ہوسکتا جب تک کہ میں تمہارے نزدیک تمہاری جان سے بھی زیادہ محبوب نہ بن جاؤں۔
زبانِ رسالتؐ سے یہ بات سننی تھی کہ سیدنا عمر ؓ نے عرض کیا " ہاں! اللہ کی قسم ، اب آپ ﷺ مجھے اپنے نفس سے بھی زیادہ محبوب ہیں۔ رسول اللہ نے ارشاد فرمایا " ہاں اب اے عمر۔" یعنی اب تمہارا ایمان مکمل ہوا(صحیح بخاری)۔
یہ روایات اس بات کی تصدیق کرتی ہیں کہ ہر بندۂ مومن کو رسول اللہ سے ضرور محبت ہونی چاہئے اور یہ محبت دنیا کی تمام محبوب چیزوں سے حتیٰ کہ اپنی عزیز جان سے بھی بڑھ کر ہونی چاہئے۔
جب تک کوئی شخص اس معیار پر پورا نہ اترے، اس کا ایمان بھی مکمل نہیں ہوسکتا۔ صحابہ کرامؓ نے اپنی ذات سے بڑھ کر رسول اللہ سے محبت کی ایسی مثالیں پیش کیں کہ عقلِ انسانی حیران رہ جاتی ہے اور تاریخ کسی اور شخص کے بارے میں ایسی مثالیں پیش کرنے سے قاصر ہے۔
اس ویڈیو میں ہم دیکھ سکتے ہیں کہ ایک نابینا شخص حضور ﷺ سے محبت اور عقیدت سے سرشار ہوکر نعت پڑھ رہا ہے، اس شخص کی آواز اور عقیدت نے دیکھنے والوں کی آنکھیں نم کردیں۔