دبئی : فلائی دبئی کی کھٹمنڈو سے دبئی جانے والے طیارے میں دوران پرواز آگ بھڑک اٹھی، ڈیڑھ سو افراد کے ساتھ جلتے ہوئے طیارے کی لینڈنگ کی ویڈیو نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کھٹمنڈو سے دبئی جانے والی فلائی دبئی کی پرواز سے نیپال سے ٹیک آف کے بعد پرندہ ٹکرایا جس کی وجہ سے طیارے میں آگ لگ گئی تاہم جہاز دبئی ایئرپورٹ پر لینڈ کرگیا۔
اس حوالے سے نیپال سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان جگن ناتھ نیرولا تصدیق کی کہ فلائی دبئی کے بوئنگ 737-800 طیارے کے انجن میں آگ لگ گئی ہے تاہم پرواز محفوظ طریقے سے اپنی منزل کی طرف بڑھ رہی ہے اور فکر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
اس حوالے سے دبئی حکام نے بتایا کہ آگ لگنے کے باوجود تجربہ کار فلائٹ عملے نے معیاری آپریٹنگ طریقہ کار پر عمل کیا اور اس بات کا تعین کرنے کے بعد آگے کا سفر جاری رکھا کہ انجن نارمل آپریٹنگ پیرا میٹرز کے اندر تھا، طیارہ معمول کے مطابق دبئی میں اترا جہاں اب اس کا مزید معائنہ کیا جائے گا۔