پاک فوج نے سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ اور سابق ڈی جی آئی ایس آئی جنرل (ر) فیض حمد پر سیاست میں مداخلت کے الزامات کے حوالے سے خبروں پر اہم اعلان کردیا ہے۔
گزشتہ روز میڈیا کو بریفنگ کے دوران ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف نے جنرل باجوہ اور جنرل فیض حمید کے کورٹ مارشل سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ فوج کا اندرونی تادیبی کارروائی کا نظام حقائق کی بنیاد پر چلتا ہے۔پاک فوج قیاس آرائیوں پر کارروائی نہیں کرتی۔
میجر جنرل احمد شریف کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر آئی ایس پی آر کے نام سے کئی فیک اکاؤنٹس بھی موجود ہیں، اس لئے عوام مفروضوں اور قیاس آرائیوں پر نہ جائیں ۔ افواج پاکستان کا حکومت سے غیر سیاسی اور آئینی رشتہ ہوتا ہے، اس تعلق کو سیاسی رنگ دینا غلط ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے ریٹائرڈ افسران کے حوالے سے کہا کہ سوشل میڈیا پر فوج کے خلاف بے بنیاد اور بلاجواز پروپیگنڈا جاری ہے۔ ویٹرنز پاک فوج، فضائیہ اور نیوی کا اثاثہ ہیں،ویٹرنز کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔ویٹرنز آرگنائزیشن کا مقصد اپنے لوگوں کی فلاح و بہبود اور مسائل اُجاگر کرنا ہے، ویٹرن تنظیموں کو سیاسی لبادہ نہیں پہننا چاہیے۔