ایران میں ڈریس کوڈ قانون کی خلاف ورزی پر کریک ڈاؤن جاری، اسکارف نہ پہننے والی 2 اداکاراؤں پر فردِ جرم عائد کردی گئی۔
مقامی میڈیا کے مطابق ایران نے ڈریس کوڈ کی خلاف ورزیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا اعلان کرنے کے چند ہفتوں بعد ہی دو نامور اداکاراؤں پر فرد جرم عائد کی ہے۔
خواتین کے لیے عوامی مقامات پر اسکارف پہننے کی شرط 1979 کے اسلامی انقلاب کے بعد نافذ کی گئی تھی۔
16 ستمبر 2022 کو مہسا امینی کی پولیس حراست میں موت کے بعد احتجاج کی لہر کے بعد سے ایران میں ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔
ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ 24 اپریل 2023 کو دو نامور اداکاراؤں کتایون ریاحی اور پینٹیہ بہرام نے اسکارف پہنے بغیر اپنی تصاویر شائع کیں۔
پولیس نے کتایون ریاحی اور پینٹیہ بہرام کے خلاف مقدمہ ایران کی عدلیہ کو بھیج دیا ہے، دونوں پر عوام میں حجاب اتارنے اور انٹرنیٹ پر تصاویر پوسٹ کرنے کے جرم کا الزام لگایا ہے۔ اگر مقدمہ چلایا گیا تو دونوں کو جرمانے یا قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں پولیس نے کہا تھا کہ وہ ایران کے ڈریس کوڈ کی خلاف ورزی کرنے والی خواتین کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کے لیے عوامی مقامات پر اسمارٹ ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کریں گے۔
گزشتہ ہفتے 53 سالہ پینٹیہ بہرام کی تصاویر اس وقت وائرل ہوئیں جب انہوں نے ایک فلم کی نمائش میں اسکارف کے بغیر تصویر بنوائی جبکہ 61 سالہ کتایون ریاحی نے تہران کے آس پاس عوامی مقامات پر لی گئی کئی تصاویر پوسٹ کیں جن میں انہوں نے سر پر اسکارف نہیں پہنا۔