امریکا کے علاقے مشی گن میں چلتی اسکول بس میں بیمار ڈرائیور کے بے ہوش ہونے پر ایک ننھا سا بچہ طلبہ سے بھری بس کو حادثے سے بچاکر ہیرو بن گیا۔
وارن کنسولیڈیٹڈ اسکولز کی بس بچوں کو لے کر جارہی تھی کہ بیمارڈرائیور راستے میں اچانک بے ہوش ہوگیا ۔ اس سے پہلے کہ طلبہ سے بھری بس کسی حادثے کا شکار ہوتی ایک بہادر بچے نے گاڑی کو سنبھال لیا۔
بس میں لگے کیمروں میں قید ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ جیسے ہی ڈرائیور بے ہوش ہوا تو گاڑی میں موجود عملے اور بچوں نے 911 پر کال کیلئے چلانا شروع کردیا۔
ایسے میں ڈلن ریواز نے بھاگ کر بس کا اسٹیئرنگ وہیل پکڑ لیا اور گاڑی کو ڈیٹرائٹ ایریا کی ایک مصروف سڑک کے اسٹاپ پر لے آیا۔
7 ویں جماعت کے طالب علم ڈلن کی اس بہادری کو ساتھی طلبہ اور اسکول انتظامیہ نے بہت سراہا۔
وارن کنسولیڈیٹڈ اسکولز کے سپرنٹنڈنٹ رابرٹ لیورنوئس کاکہنا ہے کہ میرے 35 سال سے زائد کے کیریئر میں ایسا پہلا واقعہ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اچانک آنے والی مشکل کو ڈلن نے بہت خوبی سے سنبھالا اور گاڑی میں موجود دیگر لوگوں نے بچوں کو سنبھالنے میں مدد کی۔
رابرٹ لیورنوئس کاکہنا ہے کہ اگر ڈلن فوری مدد نہ کرتا تو شائد کوئی حادثہ پیش آسکتا تھا لیکن خوش قسمتی ہے کہ ڈلن نے گاڑی کو سنبھال کر بہت سی زندگیاں بچالی ہیں۔
ڈلن کے والدین نے بچے کی میڈیا سے بات چیت سے انکار کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں اپنے بچے پر فخر ہے۔