پرواز سے قبل جہاز کے ایک ونگ پر ٹیپ لگاتے دیکھ کر مسافر پریشان ہوگیا۔ اس نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی جس کو حیرت سے صارفین نے دیکھا۔ کچھ ہی گھنٹوں میں یہ ویڈیو امریکہ میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔ آپ بھی ملاحظہ فرمائیں:
الاباما سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون مسافر جو جہاز میں کھڑی کے قریب بیٹھی تھیں۔ انہوں نے پرواز اڑنے سے کچھ ہی دیر پہلے جب کھڑکی سے باہر جہاز کے ونگ یعنی ایک پر پر ٹیپ لگاتے ہوئے عملے کے ایک فرد کو دیکھا تو ڈر گئیں کہ یہ ایسا کیوں کر رہا ہے؟ یہ واقعہ امریکہ میں واقع نیش ول بین الاقوامی ایئرپورٹ پر پیش آیا جہاں اسپرٹ ایئر لائنز کا ایک طیارہ پرواز کے لیے تیار تھا۔ 37 سیکنڈ پر مشتمل اس ویڈیو میں خاتون نے کہا کہ مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ یہ ٹیپ کیوں لگا رہے ہیں لیکن آئندہ میں اس پرواز میں سفر تو بالکل نہیں کروں گی۔
ٹیپ جہاز کے ونگ پر کیوں لگایا جاتا ہے؟
ماہرین کے مطابق یہ ٹیپ صرف مخصوص مرمت کے لیے استعمال ہوتی ہے۔ اسپیڈ ٹیپس پر موجود مواد 600 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواؤں اور انتہائی ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ اس لیے پرواز کے دوران غیر یقینی صورتحال سے بچانے کا سب سے آسان حل یہ ٹیپ ہوتا ہے جس کو اکثر مسافروں کے بیٹھنے سے قبل ہی ونگز پر لگا دیا جاتا ہے۔