مکہ: 70 سال کی عمر میں، سلویٰ العمانی، دمام کی امام عبدالرحمن بن فیصل یونیورسٹی سے بیچلر آف آرٹس کی ڈگری کے ساتھ گریجویشن کرنے والی سب سے معمر خاتون بن گئیں۔
5 میں سے 4.75 سی جی پی اے کے ساتھ، العمانی نے اپنی کلاس میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور یونیورسٹی کی 44 ویں گریجویشن تقریب میں "ایکسیلنس ایوارڈ" حاصل کیا، جس میں شہزادی عبیر بنت فیصل بن ترکی نے شرکت کی۔
العمانی نے 50 سال کے وقفے کے بعد تعلیمی میدان میں واپس آکر یہ ثابت کیا کہ عزم و ہمت رکھنے والے کے لیے کچھ بھی ناممکن نہیں ہے۔
انہوں نے عرب نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ، "میں اپنے احساسات بیان نہیں کر سکتی، اب جب کہ میں نے اپنا دیرینہ خواب پورا کر لیا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ، انہیں خیر خواہوں کی جانب سے بڑی تعداد میں کالز موصول ہوئی ہیں اور انہوں نے اپنی کامیابی پر اللہ کا شکر ادا کیا۔
سلویٰ العمانی کہتی ہیں، "شہزادی عبیر بنت فیصل بن ترکی السعود نے جس لمحے میں مجھے اپنا گریجویشن گاؤن پہنا کر اعزاز سے نوازا، اس وقت میں 50 سال پہلے رُکے ہوئے سفر کو مکمل کرنے پر خوشی کے جذبات سے مغلوب تھی وہ لمحہ انمول تھا۔"
العمانی نے 1971 میں 18 سال کی عمر میں ہائی اسکول چھوڑ دیا تھا، جس کے بعد ان کا خاندان عراق کے شہر بصرہ چلا گیا۔ وہ کیمسٹری میں میجر کے لیے بصرہ یونیورسٹی میں داخل ہوئیں۔
وہ بتاتی ہیں کہ، خاندانی وجوہات کی بناء پر، میں نے اپنے کزن سے شادی کی تجویز قبول کر لی۔ اس لیے میں اس وقت اپنی یونیورسٹی کی تعلیم مکمل نہیں کر سکی۔ بعد میں، خاندان کویت منتقل ہوگیا، آخر کار ہم سعودی عرب میں آباد ہوئے۔ العمانی کے دو بیٹے اور تین بیٹیاں ہیں، جنہوں نے بطور ڈاکٹر اور انجینئر گریجویشن کیا ہے۔ وہ 1980 کی دہائی سے سعودی شہر دمام میں مقیم ہیں۔
جب وہ اپنی تعلیم دوبارہ شروع کرنے کے قابل ہوئی تو اس کے کھوئے ہوئے ہائی اسکول ڈپلومہ دستاویز نے ایک مسئلہ کھڑا کردیا۔ اس نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی میں نے اپنی پڑھائی مکمل کرنے کا سوچا، میں نے ہائی اسکول کے سینئر ڈائریکٹر کو اپنی کہانی سمجھائی جنہوں نے کہا کہ طویل وقفے کی وجہ سے مجھے دوبارہ کلاسز لینا پڑیں۔
میں مشرقی علاقے میں خواتین اساتذہ سے ملنے گئی۔ مجھے اپنی تعلیمی قابلیت پر بہت اعتماد تھا۔ یہ ملاقات نو سال قبل ہوئی تھی، جس کے بعد مجھے تعلیم مکمل کرنے کی منظوری دی گئی تھی۔ تاہم، مجھے پڑھائی انٹرمیڈیٹ سے شروع کرنی تھی، اُس سال صورتحال شرمناک تھی، اس لیے کہ میں اپنے پوتے پوتیوں کی عمر کی لڑکیوں کے ساتھ امتحان دے رہی تھی۔
میں نے اپنا سرٹیفکیٹ حاصل کیا اور سینئر ہائی اسکول کی تعلیم مکمل کرنے کے لیے آگے بڑھی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ پھر میں نے 2019 میں امام عبدالرحمن بن فیصل یونیورسٹی میں فنون کی فیکلٹی، شعبہ عمرانیات میں داخلہ لیا۔
العمانی نے کہا کہ عزم کے ساتھ "ناممکن" کا لفظ موجود نہیں ہے، اور کبھی نہ ہونے سے بہتر ہے دیر سے ہونا۔