ایشیا کپ کے میچز پاکستان اور سری لنکا میں منعقد کیے جانے کی راہ ہموار

image

ایشیا کپ کے میچز کے انعقاد کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کو ایشین کرکٹ کونسل کی مںظوری حاصل ہو سکتی ہے جس کے تحت انڈیا اپنے میچ سری لنکا میں نیوٹرل وینیو پر کھیل سکے گا۔

کرک انفو کی ایک رپورٹ کے مطابق پی سی بی کے تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل کے تحت ایشیا کپ کے 13 میں سے چار سے پانچ میچز سری لنکا میں کھیلے جائیں گے جن میں ایک ٹیم انڈیا ہو گی۔

اگر انڈیا کی ٹیم ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچتی ہے تو تب بھی میچ کا انعقاد سری لنکا کے میدان میں ہو گا۔

کرک انفو کے مطابق اس حوالے سے باضابطہ اعلان اختتام ہفتہ سامنے آ سکتا ہے۔

رواں سال ایشیا کپ یکم سے 17 ستمبر کے دوران کھیلا جائے گا۔ اور پاکستان میں اس کے میچز لاہور کے قذافی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

انڈیا کی جانب سے ایشیا کپ کے میچز کے لیے اپنی ٹیم پاکستان نہ بھیجنے کے اعلان کے بعد پی سی بی نے سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے پڑوسی ملک میں کرکٹ کے دیگر بڑے ایونٹس کے بائیکاٹ کی دھمکی دی تھی تاہم اب تجویز کردہ ہائبرڈ ماڈل سے معاملے کے سلجھنے کی صورت نظر آ رہی ہے۔

پاکستان نے نیوٹرل وینیو کے طور پر متحدہ عرب امارات کے میدانوں کی تجویز دی تھی جہاں سے پی سی بی کو پاکستان اور انڈیا کے درمیان میچز کے دوران تماشائیوں کے ٹکٹ کی مد میں زیادہ ریونیو مل سکتا ہے مگر بنگلہ دیش نے اس پر تحفظات ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں ان دنوں موسم گرم ہو گا۔

اگر ایشین کرکٹ کونسل سری لنکا میں میچز کی تجویز کو منظور کر دیتی ہے تو پاکستان کی ٹیم کے رواں سال انڈیا میں کرکٹ ورلڈکپ کھیلنے کے لیے جانے کا راستہ ہموار ہو جائے گا۔

سنہ 2025 کی چیمپیئن ٹرافی پاکستان میں کھیلی جانی ہے جس کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے تجویز کردہ اسی ماڈل کو عمل میں لایا جا سکتا ہے اگر انڈیا کی ٹیم پاکستان آنے سے ایک بار پھر انکار کرتی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.