ساف چیمپیئن شپ: پاکستان فٹبال ٹیم انڈیا سے میچ سے 12 گھنٹے قبل بنگلور پہنچے گی

image
پاکستان فٹبال ٹیم کو انڈیا میں شیڈول ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن چیمپیئن شپ (ساف کپ) میں شرکت کے لیے انڈیا کا ویزہ مل گیا ہے۔

پاکستان نے ایونٹ میں اپنا پہلا میچ روایتی حریف انڈیا کے خلاف 21 جون کو کھیلنا ہے تاہم ویب سائٹ ای ایس پی این انڈیا کے مطابق پاکستان ٹیم اس میچ سے 12 گھنٹے پہلے بنگلور پہنچے گی جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شیڈول ہے۔

پاکستانی ٹیم جو کہ ابھی ماریشیئس میں ہے، اسے چار ملکی ٹورنامنٹ کھیلنے کے بعد 18 جون کو انڈیا روانہ ہونا تھا لیکن پاکستان سپورٹس بورڈ سے این او سی اور پھر انڈین حکومت کی جانب سے ویزا کی فراہمی میں تاخیر کے باعث ٹیم اتوار کو روانہ ہو سکی۔

ٹیم کے مینیجر حسنین حیدر نے کہا ہے کہ ٹیم انڈیا کے لیے کل (منگل) روانہ ہو گی۔

پاکستان فٹبال ٹیم کی انڈیا کے لیے روانگی پیچیدہ دکھائی دے رہی ہے کیونکہ اسے پہلے ماریشیئس سے ممبئی جانا ہو گا اور پھر ممبئی سے بنگلور کے لیے پرواز میں سوار ہونا ہو گا۔

حسنین حیدر نے ای ایس پی این کو بتایا کہ ’ہمارا کل جانے کا ارادہ ہے۔ ہم صبح کی فلائٹ ڈھونڈ رہے ہیں جو کہ ہمارے لیے موزوں ہوگی تاہم اگر ہم رات کی فلائٹ لیں تو ہم 21 جون کی رات 1 بجے ممبئی پہنچیں گے۔ جس کے بعد علی الصبح تک کوئی فلائٹ نہیں ہے تو ہمیں صبح پانچ بجے تک بنگلور جانے والی فلائٹ کا انتظار کرنا پڑے گا۔ ہم اس کے بعد صبح آٹھ بجے تک بنگلور پہنچ جائیں گے۔‘

یہ صورتحال کھلاڑیوں کے لیے ناساز ہے کیونکہ ان کے پاس 14 گھنٹے کے سفر کے بعد آرام کے لیے 12 گھںٹے سے بھی کم کا وقت ہوگا۔ اس وجہ سے وہ بنگلور کے موسمی حالات کے مطابق اپنے آپ کو ڈھال بھی نہیں سکیں گے۔

پاکستان فٹ بال ٹیم کو 18 جون کو انڈیا روانہ ہونا تھا۔ (فوٹو: پی ایف ایف)

پاکستان ٹیم کے مینیجر نے مزید کہا کہ ’ٹیم نے آج صبح ٹریننگ کی ہے اور وہ انڈیا جانے کے لیے تیار ہے۔ ہم نے اپنی تیاری دو دن پہلے ہی کر لی تھی۔ اگر ہماری کل شام کی فلائٹ ہوئی تو ہم صبح پھر ٹریننگ کر سکتے ہیں۔‘

ای ایس پی این کے مطابق پاکستان اور انڈیا کے میچ کو ری شیڈول کیے جانے کی خبریں گردش میں ہیں لیکن ایسا ہونے کے امکانات کمزور ہیں۔

خیال رہے ذرائع کے مطابق ’میچ کو ری شیڈول کرنے کے متعلق کوئی آفیشل درخواست نہیں کی گئی۔ اگر کوئی درخواست سامنے آتی بھی ہے تو حتمی فیصلہ ساف کی جانب سے کیا جائے گا۔‘


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.