100 ٹیسٹ کھیلنے والے نیتھن لائن انجری کا شکار ہو کر ایشز سیریز سے باہر

image
آسٹریلیا کے آف سپنر نیتھن لائن دائیں ٹانگ کی انجری کا شکار ہو کر انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز کے بقیہ تمام میچز سے باہر ہو گئے ہیں۔

کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق نیتھن لائن کی جگہ سکواڈ میں مزید کسی اور کھلاڑی کو شامل نہیں کیا گیا۔

نیتھن لائن کے انجرڈ ہونے کے بعد چھ جولائی سے ہیڈنگلے میں شروع ہونے والی سیریز کے تیسرے میچ میں آف سپنر ٹوڈ مرفی کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنائے جانے کا قوی امکان ہے۔

یہاں دلچسپ بات یہ ہے کہ لارڈز میں کھیلا گیا ایشز سیریز کا دوسرا ٹیسٹ میچ نیتھن لائن کا لگاتار 100 واں میچ تھا۔

لارڈز ٹیسٹ میچ میں وہ لگاتار 100 ٹیسٹ میچ کھیلنے والے دنیا کے چھٹے کھلاڑی بنے تھے، تاہم اسی میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے وہ زخمی ہوگئے جس کے بعد انہیں سیریز سے باہر ہونا پڑا ہے۔

35  سالہ آف سپنر نے آسٹریلیا کی جانب سے 2011 میں سری لنکا کے خلاف ڈیبیو سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا جس کے  بعد وہ کینگروز کی اب تک 122 ٹیسٹ میچز میں نمائندگی کرتے ہوئے 496 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

انہوں نے 2013 سے 2023 تک لگاتار 100 میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی ہے۔

یہاں خیال رہے کہ نیتھن لائن کے علاوہ انگلینڈ کے الیسٹر کُک، آسٹریلیا کے ایلن بارڈر، آسٹریلیا ہی کے مارک وا، انڈیا کے سنیل گواسکر اور نیوزی لینڈ کے برینڈن مکلم لگاتار 100 ٹیسٹ میچز کھیلنے کا ریکارڈ اپنے پاس رکھتے ہیں۔

نیتھن لائن نے دوسری اننگز میں انجری کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے 15 رنز بنائے تھے۔  (فوٹو: اے ایف پی)

ایشز سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران نیتھن لائن انجرڈ ہونے کے بعد بولنگ اور فیلڈنگ نہ کر پائے تھے، تاہم انہوں نے دوسری اننگز میں انجری کے ساتھ بیٹنگ کرتے ہوئے 15 رنز بنائے تھے جس پر انہیں خوب خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔

دوسری جانب نیتھن لائن کی جگہ ہیڈنگلے میں شیڈول تیسرے ٹیسٹ میں پلیئنگ الیون میں شمولیت کے مضبوط امیدوار ٹوڈ مرفی رواں برس انڈیا میں کھیلی گئی بارڈر گواسکر ٹرافی میں ٹیم کی جانب سے ناگپور ٹیسٹ میں ڈیبیو کر چکے ہیں۔ وہ اس سیریز کے تمام (چار) میچز کھیلے تھے جس میں انہوں نے 14 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا تھا۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے دوسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 43 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل کر لی ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.