آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ، ہم ہر قسم کی کرکٹ کے لیے تیار ہیں: بابر اعظم

image
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کہتے ہیں کہ کچھ عرصے کے بعد ٹیم کرکٹ کھیلنے جا رہی ہے جس کے لیے سب بہت پرجوش ہیں۔

بابر اعظم نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے روانگی سے قبل جمعرات کو کراچی میں پریس کانفرس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم کافی پرجوش ہیں، کچھ دیر کے بعد ہماری کرکٹ شروع ہو رہی ہے۔‘

انہوں نے کہا نکہ ’ہم کوشش کر رہے ہیں کہ کیمپ سے جتنا فائدہ ہو سکے اٹھا لیں۔‘

بابر اعظم سے جب صحافی نے انڈیا میں ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بارے میں سوال کیا تو انہوں نے کہا کہ ’بالکل، بطور ٹیم ہم ہر قسم کی کرکٹ کے لیے تیار ہیں۔ جہاں پر ورلڈ کپ ہے، اس کے لیے سب تیار ہو رہے ہیں۔ سب فٹنس پر کام کر رہے ہیں۔ ہر ایک بندہ (کھلاڑی) پرجوش ہے۔‘

بابر اعظم کہتے ہیں کہ ’گزشتہ سال بھی ہم سری لنکا گئے تھے، کافی چیلنجنگ کنڈیشنز تھی لیکن اس میں یہ تھا کہ ہم نے برتری حاصل کی تھی۔ اس میں ہم نے 350 رنز کا ہدف حاصل کیا تھا۔ کوشش یہ ہے کہ ہم اچھی کرکٹ کھیلیں، مثبت کرکٹ کھیلیں۔‘

انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں کھیلنے کے انداز یعنی ’بیزبال‘ طرز کی کرکٹ کے سوال پر کپتان نے کہا کہ ’دیکھیں بطور ٹیم اور کپتان ہماری یہ کوشش ہوتی ہے کہ میچ کا نتیجہ نکلے۔ ہر ٹیم اپنے طریقے سے کھیلتی ہے۔ کوشش ہوتی ہے کہ ہم اپنی بہترین گیم کھیلیں۔ ہر ٹیم نے اپنا سیٹ اپ بنایا ہوا ہے۔ گال میں ہم نے جو 360 رنز کا ہدف عبور کیا ہے وہ اپنی طرز کرکٹ سے کیا ہے۔‘

سری لنکا میں سپن بولنگ کو مدد دینے والی پچز پر کھیلنے کی حکمت عملی کے سوال پر انہوں نے کہا کہ ’ہم نے وہاں پر جو میچز کھیلے ہیں، اُس کا ہمیں تجربہ ہے۔ دوسرا مکی آرتھر بھی سری لنکا کے کوچ رہے ہیں، ان سے بھی فیڈ بیک لیں گے کہ ان کنڈیشنز میں ہم کیسے اچھا کھیل سکتے ہیں۔ ہر کھلاڑی ویسی ہی پریکٹس کر رہا ہے۔‘

ٹیسٹ کرکٹ میں پے در پے ملنے والی شکستوں اور اس فارمیٹ میں اپنی کپتانی کے مستقبل کے بارے میں بابر نے کہا کہ ’ماضی میں ہم نے کرکٹ اچھی نہیں کھیلی اس لیے میچ نہیں جیتے، ٹیم ناتجربہ کار تھی کیونکہ جب تک آپ 20 وکٹیں نہیں لیں گے، میچ نہیں جیتیں گے۔ جہاں تک کپتانی کی بات ہے، جو میں اچھا کر سکتا ہوں، وہ کر رہا ہوں، باقی فیصلہ پی سی بی کا ہے۔‘

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی انتظامیہ میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں بابر اعظم نے کہا کہ ’دیکھیں ہمارا کام ہے کرکٹ کھیلنا، ہم کوشش کرتے ہیں کہ کرکٹ پر توجہ دی جائے۔ پی سی بی میں کیا ہو رہا ہے، کون آ رہا ہے، کون جا رہا ہے، ہم اس پر کم ہی فوکس کرتے ہیں۔ پورے سال کا شیڈول ہمارے پاس ہے، اس پر ہم زیادہ توجہ دیتے ہیں۔ جو مجھے چاہیے ہوتا ہے، اس کے لیے میں پیغام بھیج دیتا ہوں۔‘

خیال رہے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا 16 جولائی کو گال جبکہ دوسرا میچ 24 جولائی کو کولمبو میں کھیلا جائے گا۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.