ٹیسٹ کرکٹ صبر و تحمل کا تقاضا کرتی ہے: شاہین شاہ آفریدی

image
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف اتوار سے شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز سے اس فارمیٹ میں تقریباً ایک برس بعد واپسی کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق شاہین آفریدی نے سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے قبل ہمبنٹوٹا میں کھیلے گئے پریکٹس میچ میں ایک برس کے بعد پہلی بار ریڈ بال ہاتھ میں تھامی۔

پریکٹس میچ میں انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر چار وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستان کے فرنٹ لائن فاسٹ بولر گزشتہ برس سری لنکا ہی کے خلاف گال میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد انہیں ٹیسٹ ٹیم سے آرام دیا گیا تھا۔

شاہین آفریدی نے پی سی بی ڈٰیجیٹل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی پر بہت خوش ہوں کیونکہ میری واپسی اسی ملک میں ہو رہی ہے جہاں میں انجرڈ ہوا تھا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’انجریز کسی بھی کھلاڑی کی زندگی کا حصہ ہیں لیکن واپسی پر خوشی ہے۔ میں ہمیشہ ریڈ بال کرکٹ سے لطف اندوز ہوا ہوں اور اب میں ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹوں سے صرف ایک وکٹ کی دوری پر ہوں جو یقیناً میرے لیے بہت اہم بات ہے۔‘

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں گزشتہ برس انجرڈ ہونے کے بعد فاسٹ بولر ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی کوئی فرسٹ کلاس میچ نہ کھیل پائے تھے۔ انہیں آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے لیے قومی ٹیم میں شامل کیا گیا تھا تاہم انگلینڈ کے خلاف فائنل میچ میں وہ ایک مرتبہ پھر زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد وہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز بھی نہ کھیل پائے۔

شاہین شاہ آفریدی نے رواں برس پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ذریعے کرکٹ میں واپسی کی تھی اور اُن کی قیادت میں لاہور قلندرز نے دوسری مرتبہ ٹرافی اپنے نام کی تھی جبکہ وہ نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ون ڈے سیریز بھی کھیلے تھے۔

سری لنکا کے خلاف سیریز سے قبل وہ انگلینڈ میں ٹی20 ٹورنامنٹ ٹی20 بلاسٹ کھیل رہے تھے۔

انہوں نے پی سی بی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’وائٹ بال کھیلنے کے بعد ریڈ بال سے ہم آہنگ ہونے میں وقت لگا، تاہم کراچی میں کیمپ سے مجھے بہت فائدہ ہوا۔ ٹیسٹ کرکٹ صبر و تحمل کا تقاضا کرتی ہے۔‘

انہوں نے اگلی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے بارے میں امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اِس ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی ابتدا اچھے طریقے سے کریں گے اور اس بار فائنل میں پہنچیں گے۔ پچھلے دو سیزن میں ہمیں یہ کمی محسوس ہوئی ہے۔‘

شاہین شاہ آفریدی ٹی20 ورلڈ کپ 2022 کے فائنل میں ایک مرتبہ پھر زخمی ہو گئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

شاہین شاہ آفریدی نے 2018 میں نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظبی میں ٹیسٹ میچ سے پاکستان کی جانب سے اپنا ڈٰیبیو کیا تھا۔ وہ 25 ٹیسٹ میچز میں 99 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔

پاکستان اور سری لنکا کے خلاف دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ اتوار کو گال میں کھیلا جائے گا۔ یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 25-2023 کا حصہ ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.