گال ٹیسٹ: سری لنکا کے چھ وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز، شاہین آفریدی کی 100 وکٹیں مکمل

image
پاکستان اور سری لنکا کے مابین دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں پہلے دن کے اختتام پر سری لنکا نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 242 رنز بنا لیے ہیں۔

اتوار کو گال میں شروع ہونے والے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں دھننجایا ڈی سِلوا 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ انجیلو میتھیوز نے 64 اور سدیرا سمارا وِکاراما نے 36 رنز بنائے۔

پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ نسیم شاہ، آغا سلمان اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پہلے دن کا کھیل بارش سے متاثر ہوتا رہا جس کے باعث صرف 65.4 اوورز کا ہی کھیل ممکن ہو سکا۔

پہلے دن کے ابتدائی سیشن میں پاکستان کی جانب سے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا گیا جس کے نتیجے میں سری لنکا نے کھانے کے وقفے تک 65 رنز پر چار وکٹیں گنوا دیں۔

سری لنکا کی پہلی وکٹ چھ رنز پر گری جب شاہین شاہ آفریدی نے اوپننگ بیٹر نشان مادھوشکا کو چار کے انفرادی سکور پر آؤٹ کیا۔ اس وکٹ کے ساتھ ان کی ٹیسٹ میچوں میں 100 وکٹیں بھی پوری ہو گئیں۔

اس کے بعد 22 رنز کے مجموعی سکور پر کوشل مینڈس بھی شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

Pakistan strike in the final over to go slightly ahead on Day 1; Dhananjaya de Silva will resume tomorrow on 94* #SLvPAK https://t.co/q2j3h8ljDE pic.twitter.com/usBSgauC10

— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) July 16, 2023

پاکستان کو تیسری کامیابی 53 کے سکور پر ملی جب میزبان ٹیم کے کپتان دیمُتھ کرونارتنے بھی شاہین کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے سرفراز احمد کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے، جبکہ کھانے کے وقفے سے پہلے دنیش چندی مَل صرف ایک رن بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر سلپ میں بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔

کھانے کے وقفے کے بعد سری لنکن بیٹرز انجیلو میتھیوز اور دھننجایا ڈی سلوا کے درمیان 131 رنز کی شراکت دیکھنے میں آئی۔

اس شراکت میں انجیلو میتھیوز نے 89 گیندوں پر 59 جبکہ دھنناجایا ڈی سلوا نے 109 گیندوں پر 74 رنز بنائے تاہم چائے سے وقفے سے قبل انجیلو میتھیوز لیگ سپنر ابرار احمد کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

پہلے دن بارش کی وجہ سے صرف 65.4 اوورز کا ہی کھیل ممکن ہو سکا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

سری لنکا کو دن کا آخری نقصان کھیل ختم ہونے سے صرف دو گیندیں قبل اس وقت اٹھانا پڑا جب وکٹ کیپر بیٹر سدیرا سمارا وِکاراما 36 کے انفرادی سکور پر آغا سلمان کی گیند پر امام الحق کو کیچ پکڑا بیٹھے۔

دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی جا رہی یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن کا حصہ ہے۔


News Source   News Source Text

مزید خبریں
کھیلوں کی خبریں
مزید خبریں

Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.