اسلام آباد:حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کے دوران ملک میں بجلی مہنگی کرنے کے وعدے پر نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 4 روپے 96 پیسے فی یونٹ اضافہ کردیا،صارفین پر نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
نئی قیمتوں کے اطلاق کے بعد ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کا بنیادی ٹیرف 13اعشاریہ 4 روپے فی یونٹ سے بڑھ کر 18اعشاریہ 36 روپے فی یونٹ ہو جائے گا جس کے بعد صارفین کا بل بڑھ کر 1836 روپے آئے گا۔
بجلی کے 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کا بل ماہانہ بل 3700 سے بڑھ کر 4700 روپے ہو جائیگا کیونکہ ان کا بنیادی ٹیرف 23اعشاریہ 91 فی یونٹ ہوگا۔
300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل 6000 سے 8000 جبکہ 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بل 12300 روپے تک جائے گا۔500 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بل 13000 سے 16000 تک آئے گا۔
دوسری جانب ملک میں بجلی پیک آورز کے دورانیے میں 2 گھنٹے کا اضافہ کر دیا گیا ہے جس کے تحت اب پیک آورز شام 6 تا 10کی بجائے 5 سے 11بجے رات تک مقرر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ تھری فیز میٹر پیک آورز کے بل میں صارفین کو اب34روپے کی بجائے 50 روپے فی یونٹ ادا کرنا ہوں گے۔