پاکستان، ازبکستان اور افغانستان نے سہ ملکی ریلوے لنک منصوبے پر دستخط کر دیئے، معاہدے کے مطابق تینوں ممالک میں ٹرین کے ذریعے سفر اور سامان کی ترسیل ممکن بنائی جائیگی۔
پاکستان، ازبکستان اور افغانستان نے ایک ریلوے کی تعمیر کے منصوبے کو حتمی شکل دی ہے جو ان کے ممالک کو آپس میں جوڑے گی۔
ٹرین ازبکستان کے علاقے ترمیز سے شروع ہو کر افغانستان کے مزار شریف اور لوگر سے گزرے گی اور کرم میں خرلاچی بارڈر کراسنگ سے پاکستان میں داخل ہو گی۔
اس منصوبے پر دستخط کی تقریب میں تینوں ممالک کے اہم حکام نے شرکت کی جن میں وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور پاکستان سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی شامل تھے۔
یہ منصوبہ مسافروں اور مال برداری دونوں کیلئے اہم ثابت ہوگاجس سے ازبکستان اور پاکستان کے درمیان سامان کی نقل و حمل آسان ہو جائے گی۔
منصوبہ 2027 کے آخر تک مکمل ہونے کی امید ہے اور اس سے ٹرانسپورٹ کے اخراجات اور ترسیل کے اوقات میں نمایاں کمی آنے کا امکان ہے۔
تینوں ممالک نے 573 کلومیٹر طویل ٹرانس افغان ریلوے کی تعمیر کے منصوبے پر بھی دستخط کیے ہیں، جو وسطی ایشیا کو بحیرہ عرب کی بندرگاہوں سے جوڑے گا، نقل و حمل کے نیٹ ورک کو مزید وسعت دے گا اور اقوام کے درمیان تعاون کو فروغ دے گا۔