“شوہر کا انتقال ہوا تو میں حرم میں تھی۔ وہیں سسر کا فون آیا کہ فیصل اسپتال میں ایڈمٹ ہیں اور ان کی حالت بہت نازک ہے۔ اس کے بعد فون آیا کہ ان کا انتقال ہوگیا ہے۔ میں نے خود کو چھوڑ دیا تھا۔ حجرِ اسود کا بوسہ لیے لگی تو لوگوں نے کہا کہ اس نے سانس چھوڑ دی ہے یہ جارہی ہے اسے کوئی پکڑے“
یہ کہنا ہے اداکارہ فہیمہ اعوان کا جنھوں نے ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی۔ فہیمہ اعوان نے رواں برس عید کے موقع پر ہی اپنے شوہر کو کھویا ہے۔ اس بارے میں بات کرتے ہوئے وہ پروگرام کے دوران ہی رو پڑیں۔
فہیمہ کہتی ہیں کہ شوہر کے انتقال کے بعد انھیں اس چیز کا دکھ تھا کہ وہ اس وقت ان کے پاس نہیں تھیں لیکن لوگوں نے انھیں سمجھایا کہ اگر میں وہاں ہوتی تو شاید فیصل کے لئے دنیا سے جانا مشکل ہوجاتا۔ تب میں نے سوچا کہ ابھی میرے ساس سسر ہیں بچے ہیں ان کے لئے میں نے خود کو سنمبھالا ہے۔
شوہر کی بیماری کے بارے میں بات کرتے ہوئے فہیمہ کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر دل کے مریض تھے اور دو بار دل کا دورہ پڑ چکا تھا البتہ ان کا انتقال پیٹ پر گرم تیل گرنے کی وجہ سے ہوا جس کے بعد وہ شدید تکلیف میں تھے۔