“صرف سجل علی نے مجھے فوراً جواب دیا اور ویڈیو پیغام بھیجا۔ ان کے علاوہ ماہرہ خان، ہمایوں سعید، وہاج علی، عدنان صدیقی اور فواد خان سے بھی مدد مانگی کہ رضوانہ پر ہونے والے ظلم اور چائلڈ لیبر کے خلاف آواز اٹھائیں۔ ان لوگوں نے وعدہ کیا تھا لیکن کسی نے بھی ویڈیو بنا کر نہیں بھیجی۔ حمزہ علی عباسی کو لمبا چوڑا وائس نوٹ بھیجا ہے۔ امید ہے کہ وہ میری بات سنیں گے“
یہ کہنا ہے معروف اداکارہ نادیہ جمیل کا جو کراچی میں رضوانہ نامی کمسن گھریلو ملازمہ پر ہونے والے مظالم پر سراپا احتجاج بن چکی ہیں۔ اتنا ہی نہیں نادیہ شوبز ستاروں سے بھی اس بات کی درخواست کررہی ہیں کہ وہ ان کی آواز سے آواز ملائیں البتہ بقول ان کے سجل علی کے علاوہ کسی نے بھی ان کی درخواست پر عمل نہیں کی۔
نادیہ نے سجل علی کی ویڈیو بھی شئیر کی ہے۔ دیکھیں
ویڈیو میں سجل علی درخواست کررہی ہیں کہ چھوٹے بچوں کو حق ہے کہ وہ پڑھیں اور کھیلیں۔ ان سے کام کروانا قانونی طور پر جرم ہے اس لئے آپ جہاں بھی یہ سب ہوتے دیکھیں فوری طور پر قانونی اداروں کو اس حوالے سے خبر دیں۔
نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ ان کے کروڑوں فالوورز نہیں ہیں اور ساری دنیا میں مشہور شخصیات سماجی مسائل پر آواز اٹھاتے ہیں کیونکہ لوگ ان کی بات سنتے ہیں اسی لئے انھوں نے سب سے مدد مانگی ہے۔ نادیہ کہتی ہیں کہ یہ سب دل کے اچھے لوگ ہیں اور امید ہے وہ جلد اپنی ویڈیوز انھیں بھیج دیں گے۔