اداکار عدنان شاہ ٹیپو پاکستانی شوبز انڈسٹری کا ایسا نام ہے جس نے اپنی محنت، لگن اور بہترین اداکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی جگہ بنائی ہے۔ عدنان ٹیپو اپنے مزاحیہ اور منفی کرداروں کے باعث خاص طور پر جانے جاتے ہیں۔
حال ہی میں انہوں نے ایک شو میں انکشاف کیا ہے کہ، ایک پراجیکٹ کے سلسلے میں جب انہوں نے بھکاری کا کردار ادا کیا تو راہ چلتے لوگ واقعی انہیں بھکاری سمجھ کر بھیک دے جاتے تھے۔
عدنان نے بتایا کہ، میں نے کراچی کے مشہور پل، بلوچ کالونی کے پُل پر اپنا حلیہ بدل کر بھیک مانگی تھی، اس دوران میں نے 2 ہزار روپے جمع کیے، بعدازاں وہ جمع شدہ پیسے میں نے وہاں کے بچوں کو دے دیئے اور کہا کہ جا کر چائے وغیرہ پی لو۔
عدنان نے مزاحیہ انداز میں بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ، میری اداکاری تو کچھ بھی نہیں ہے جو لوگ سڑکوں پر بھیک مانگ رہے ہوتے ہیں وہ مجھ سے بھی بڑے اور اچھے اداکار ہیں۔
واضح رہے عدنان ٹیپو نے کئی پاکستانی ڈراموں اور فلموں میں کام کیا ہے، جبکہ 2010 میں "کجرارے" سے انہوں نے بالی ووڈ ڈیبیو کیا تھا۔