ویلکم ایک بہت ہی مشہور بھارتی کامیڈی فلم ہے جسے ادے شیٹھی اور مجنو بھائی کے کرداروں کے لیے جانا جاتا ہے، نانا پاٹیکر اور انیل کپور نے ان کرداروں میں ایسا رنگ بھرا کہ مداح پہلے دونوں پارٹس میں ہنس ہنس کر بے حال ہوگئے لیکن اب ’’ویلکم 3‘‘ میں سنجے دت اور ارشد وارثی نانا پاٹیکر اور انیل کپور کی جگہ مجنو اور ادے کے کردار میں نظر آئینگے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ویلکم تھری کا اسکرپٹ تیار ہے تاہم اب فلم میں ایک نیا موڑ آئے گا جس میں سنجے دت اور ارشد وارثی گینگسٹرز کا کردار ادا کریں گے۔ اس سے قبل شائقین نے "منا بھائی ایم بی بی ایس" میں ان دونوں کی کیمسٹری اور کامک ٹائمنگ کو بہت پسند کیا تھا۔
انیل کپور اور نانا پاٹیکر پروڈیوسر کے ساتھ پیسوں پر اختلاف کی وجہ سے اب "ویلکم تھری" کا حصہ نہیں ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹر کی طرف سے تصدیق ہونا باقی ہے تاہم فلم کی تیاریاں جاری ہیں۔ فلم میں سنیل شیٹھی اور اکشے کمار کے بھی نظر آنے کی امید ہے۔
ارشد وارثی ویلکم تھری میں اپنے کردار کو لے کر بہت پرجوش ہیں، ارشد وارثی نے اسے اپنی زندگی کی ایک بڑی فلم قرار دیا ہے جس میں اکشے کمار، سنجے دت اور پریش راول جیسے بڑے ستارے شامل ہیں۔